وقت آیا تو سب غائب تھے۔۔ حمیرا اصغر کے لیے قرآن خوانی میں کن شوبز شخصیات نے شرکت کی؟ فیصل قریشی نے ہیرو بننے والوں کو آئینہ دکھا دیا

ہماری ویب  |  Jul 17, 2025

"جب محفل کا اعلان کیا گیا تو سب نے کہا ہم آئیں گے، لیکن صرف 20 فیصد لوگ پہنچے۔ باقی صرف سوشل میڈیا پر دکھائی دیتے ہیں"

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار فیصل قریشی نے ایک ویڈیو پیغام میں شکوہ کیا ہے کہ جب مرحومہ اداکاراؤں حمیرا اصغر اور عائشہ خان کے ایصالِ ثواب کے لیے فنکار تنظیم ’ACT پاکستان‘ کے تحت ایک خصوصی محفل رکھی گئی، تو وعدوں کے باوجود شوبز سے وابستہ صرف 20 فیصد شخصیات نے شرکت کی۔ باقی سب محض سوشل میڈیا کی حد تک 'متاثر' دکھائی دیے۔

یہ ویڈیو انسٹاگرام پر جاری کرتے ہوئے فیصل قریشی نے کہا کہ، "محفل کا اعلان ہوتے ہی بہت سے لوگوں نے شرکت کی یقین دہانی کروائی، لیکن جب وقت آیا تو وہ غائب ہوگئے۔ اکثریت کا جذبہ بس آن لائن ہی تھا۔"

یہ وہی انڈسٹری ہے جس کے کئی چہروں نے حمیرا اصغر کی لاش ملنے کے بعد آن لائن اپنے "دکھ" کا اظہار کرتے ہوئے لمبے لمبے پیغامات شیئر کیے تھے۔ مگر جب اصل مرحلہ آیا، یعنی ایصالِ ثواب کی اجتماعی محفل، تو وہی جذباتی الفاظ محض پوسٹس تک محدود رہ گئے۔

اس روحانی محفل میں اداکارہ حنا خواجہ بیات نے خصوصی دعا کروائی، جس میں ارجمند رحیم، عمیر رانا، نادیہ حسین اور چند دیگر فنکار شریک ہوئے۔ مگر دلچسپ بات یہ رہی کہ جن شخصیات نے حمیرا کی تدفین کے وقت خود کو آگے بڑھ کر ’ہیرو‘ بنایا تھا، جیسے سونیا حسین اور یاسر حسین، وہ بھی اس محفل میں غیر حاضر رہے۔

شوبز کے بہت سے لوگ حمیرا کی تنہائی پر افسوس تو کرتے رہے، مگر فیصل قریشی کا شکوہ یہ ہے کہ جب بات عملی قدم کی آئی، تو سب خاموش ہوگئے۔ یہ وہی لمحہ تھا جب یہ انکشاف ہوا کہ حمیرا کی لاش نو ماہ پرانی تھی اور والدین نے اسے وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ ایسے میں کچھ فنکاروں نے تدفین کی ذمہ داری تو اٹھا لی، لیکن روحانی محفل سے غیر حاضری نے ان کے جذبات کی سنجیدگی پر سوالیہ نشان لگا دیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے اس رویے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اکثر شوبز شخصیات کے بیانات صرف شہرت کے لیے ہوتے ہیں۔ عملی طور پر ان کے وعدے صرف کمنٹس اور پوسٹس تک محدود رہتے ہیں۔

یہ واقعہ صرف ایک اداکارہ کے ایصالِ ثواب کا نہیں، بلکہ اس پورے سماجی رویے کا عکاس ہے جہاں جذبات اور دکھ محض آن لائن اظہار تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ فیصل قریشی کی آواز دراصل ان تمام خاموش چیخوں کی نمائندہ ہے جو کیمرے بند ہوتے ہی دب جاتی ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More