دوحا:پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات شروع

سماء نیوز  |  May 18, 2022

قطر میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات شروع ہوگئے ہیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی قسط جاری ہوگی۔

دوحا میں عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف) سے مذاکرات کیلئے پاکستانی سیکریٹری خزانہ، قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر بھی دوحا میں موجود ہیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر مملکت عائشہ غوث پاشا اور دیگر افسران آن لائن مذاکرات میں شریک ہوں گے۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل 24 مئی کو دوحا پہنچیں گے۔

آئی ایم ایف سے ہونے والے مذاکرات میں سیکریٹری خزانہ حامد یعقوب شیخ پاکستانی وفد کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ وفد میں وزارت خزانہ، توانائی، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک نمائندے شریک ہیں۔ تکنیکی مذاکرات کے بعد پالیسی مذاکرات میں وزیر خزانہ بھی شریک ہوں گے۔

مذاکرات کے حوالے سے پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ کامیابی کی صورت میں پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی قسط جاری ہوگی۔ واضح رہے کہ آئی ایم ایف نے پیٹرول، بجلی اور گیس پر سبسڈی ختم کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی 86 روپے 71 پیسے فی لیٹر تک پہنچ چکی ہے۔

آئی ایم ایف کی جانب سے ٹیکس وصولیوں کا سالانہ ہدف 1100 ارب روپے تک بڑھانے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

عالمی مالیاتی ادارے کا پالیسی ریٹ میں بھی کم از کم ایک فیصد تک اضافے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ دوحا میں ہونے والے یہ مذاکرات 25 مئی تک جاری رہیں گے۔

قبل ازیں وزیر مملکت عائشہ غوث پاشا کی عالمی بینک کے وفد سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ورلڈ بینک کے اشتراک سے ہونے والے ڈیولپمنٹ پالیسی فنانس پروگرام پر بات چیت کی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More