انڈیا: ریاست اُڑیسہ میں تین ہاتھی ٹرین کی زد میں آکر ہلاک

اردو نیوز  |  May 21, 2022

انڈین ریاست اُڑیسہ میں تین ہاتھی ایک ٹرین کے نیچے آکر ہلاک ہوگئے ہیں۔

انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق ہلاک ہونے والے تین ہاتھیوں میں سے دو بچے تھے۔

تقریباً 20 ہاتھیوں کا جُھنڈ جودا کے جنگل سے گزر رہا تھا اور صبح سویرے ریلوے لائن کراس کرتے ہوئے وہ ٹرین سے ٹکرا گئے۔

محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کے مطابق ہاتھی کا ایک بچہ موقعے پر ہلاک ہوگیا، جبکہ ایک ہتھنی اور دوسرا بچہ اگلے روز ہلاک ہوگئے۔

محکمہ جنگلات کے مطابق اس حادثے کے بعد ہاتھیوں کے جھنڈ نے اہلکاروں کو ریسکیو آپریشن نہیں کرنے دیا۔

’محکمہ جنگلات پورا دن ہاتھیوں کے اس جھنڈ کی نگرانی کرتا رہا۔ ریلوے حکام کو بھی ہاتھیوں کی موجودگی کے حوالے سے بتا دیا گیا تھا اور اس علاقے میں ٹرین کی سپیڈ 25 کلومیٹر مقرر کی گئی تھی۔ حادثہ اندھیرے کی وجہ سے ہوا۔‘

سماجی کارکنوں نے اس علاقے میں مسلسل ہاتھیوں کی مختلف حادثوں میں اموات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ آٹھ برسوں میں 11 ہاتھی ٹرین کے نیچے آ کر، چار سڑک حادثے میں، جبکہ 13 کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوئے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More