’میں خاتون ہوں، کوئی پارسل نہیں!‘ عالیہ بھٹ کا میڈیا سے شکوہ

اردو نیوز  |  Jun 29, 2022

بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے منگل کے روز حمل اور نجی زندگی کی خبریں دینے پر میڈیا کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

بالی وڈ کی خبروں کی ویب سائٹ ’پنک ولا‘ امریکہ نے انسٹاگرام پر پوسٹ میں کہا کہ ’عالیہ بھٹ جولائی کی وسط میں ممبئی واپس آئیں گی۔ رنبیر کپور اپنی اہلیہ کو لینے لندن جائیں گے۔ خبروں کے مطابق عالیہ شوٹنگ کے بعد آرام کریں گی۔ اداکارہ نے حمل کی منصوبہ بندی اس طرح کی تھی تاکہ ان کا کوئی کام ادھورا نہ رہے۔ وہ اپنی فلم ’ہارٹ آف سٹون‘ اور ’راؤکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کو جولائی سے پہلے مکمل کرلیں گی۔‘

اس کے جواب میں عالیہ بھٹ نے پنک ولا سمیت میڈیا چینلز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

عالیہ بھٹ نے مائیکروبلاگنگ کی ایپ انسٹاگرام پر سٹوری شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہم ابھی بھی لوگوں کے دماغ میں رہتے ہیں، ہم ابھی بھی پدر شاہی دنیا میں رہتے ہیں۔ کسی چیز میں بھی تاخیر نہیں ہوئی ہے، کسی کو ضرورت نہیں ہے کہ وہ کسی کو لینے آئیں، میں خاتون ہوں کوئی پارسل نہیں ہوں۔‘

 ’مجھے آرام کی بالکل ضرورت نہیں ہے، لیکن اچھی خبر یہ ہے کہ آپ کو خبر دینے کے لیے ڈاکٹرز ہوں گے۔ یہ 2022 ہے، کیا ہم پرانی قدیم سوچ سے باہر بھی آئیں گے؟ اگر اب مجھے جانے کی اجازت ہو تو؟ کیونکہ میرا شاٹ (شوٹنگ کے لیے) تیار ہے۔‘

2022 میں عالیہ بھٹ اپنے شوہر رنبیر کپور کے ساتھ ’براہمسترا‘ فلم میں نظر آئیں گی۔ اس کے علاؤہ عالیہ نیٹ فلیکس کی فلم ’ڈارلنگ‘ بھی کر رہی ہیں، جبکہ 2023 میں عالیہ بھٹ کی دو فلمیں ’جی لے ذرا‘ اور ’راؤکی اور رانی کی پریم کہانی‘ ریلیز کی جائیں گی۔

عالیہ بھٹ فلم ’ہاڑٹ آف سٹون‘ میں گال گیڈٹ کے ساتھ اپنا ہالی وڈ میں بھی ڈیبیو کریں گی۔

خیال رہے کہ عالیہ بھٹ نے سوموار کے روز انسٹاگرام پر اپنے حمل کے بارے میں پوسٹ لگائی تھی جس کے بعد انٹرنیٹ پر عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے بارے میں خوب چرچا ہورہا ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More