ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی ذرخیز ہے ساقی ۔۔ پاکستانی اسکالر نے امریکا کا کونسا بڑا اعزاز حاصل کرلیا ؟

ہماری ویب  |  Aug 13, 2022

کراچی : جامعہ کراچی کے احاطے میں واقع انٹرنیشنل سینٹر برائے حیاتیاتی و کیمیائی علوم(آئی سی سی بی ایس)سے وابستہ ذیلی ادارے، ڈاکٹر پنجوانی مرکز برائے سالماتی ادویہ(پی سی ایم ڈی)کے اسکالرز نے امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے تحت اپنی تحقیق پر پال ڈیوڈلے وائٹ ایوارڈ جیتا ہے۔ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی)کے ایک پی ایچ ڈی طالب علم وقاص احمد نے حال ہی میں امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن سے پاول ڈیوڈلے وائٹ انٹر نیشنل اسکالر ایوارڈ اپنے نام کیا ہے۔

آئی سی سی بی ایس کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن نے انٹرنیشنل اسکالر ایوارڈ وقاص احمد اور ان کے معاون مصنفین کو اپنی تحقیق کی اعلی درجے کی تلخیص (ایبسٹریکٹ) تحریر کرنے پر دیا ہے، وقاص احمد کے معاون مصنفین میں پروفیسر ڈاکٹر عصمت سلیم، ڈاکٹر عرفان خان، ڈاکٹر محسن خان، ردا ماریہ قاضی اور ربیعہ منیر کے نام شامل ہیں۔

واضح رہے کہ وقاض احمد ڈاکٹر پنجوانی سینٹر میں پروفیسر ڈاکٹر عصمت سلیم کی نگرانی میں پی ایچ ڈی کررہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق ڈاکٹر پنجوانی سینٹر کے ان محققین کی صلاحیت کا اعتراف امریکا کے شہر شکاگو میں 25 تا 28 جولائی کے دوران منعقدہ امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے بیسک کارڈیو ویسکولر سائنسز کے سائینٹیفک سیشن 2022 میں اسناد، فوٹو سیشن، محققین کے کام کی نمائش وغیرہ سے کیا گیا۔آئی سی سی بی ایس کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوآرڈی نیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری نے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر کے ان محققین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی صرف بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی کی نہیں ہے یہ کامیابی پوری پاکستانی قوم کی ہے، انہوں نے کہا کہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں باصلاحیت اور قابل اسکالروں کی موجودگی ادارے کے لیے قابلِ فخر ہے۔شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی اور سرپرستِ اعلی بین الاقوامی مرکز اور سابق وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن نے بھی ڈاکٹر پنجوانی سینٹر کے ماہرین کو اس اہم کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More