کِم کارڈیشین کو کرپٹو کرنسی کی تشہیر کرنے پر 11 لاکھ ڈالر جرمانہ

بی بی سی اردو  |  Oct 04, 2022

Getty Images

کِم کارڈیشین نے اپنے انسٹاگرام پیج پر ایتھیریم میکس نامی کرپٹو کرنسی کی تشہیر کرنے پر 11 لاکھ 60 ہزار ڈالر جرمانہ ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

یو ایس سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے کہا ہے کہ ریئلیٹی ٹی وی سٹار کارڈیشین نے کرپٹو کرنسی کی تشہیر کے لیے ڈھائی لاکھ ڈالر وصول کیے تھے، یہ ظاہر کیے بغیر کہ انھیں ایسا کرنے کے لیے پیسے دیے گئے تھے۔

انھوں نے تین سال تک کرپٹو ایسٹ سکیورٹیز کو فروغ نہ دینے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ ان کے وکیل نے بی بی سی نیوز کو بتایا کہ ’مس کارڈیشین ایس ای سی کے ساتھ مل کر اس معاملے کو حل کرنے پر خوش ہیں۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’کارڈیشین نے شروع سے ہی ایس ای سی کے ساتھ مکمل تعاون کیا اور وہ اس معاملے میں ان کی مدد کرنے کے لیے مزید جو کچھ بھی کر سکتی ہیں وہ کرنے کو تیار ہیں۔ وہ اس معاملے کو ایک طویل تنازعے میں تبدیل کرنے سے بچنا چاہتی تھیں۔‘

'انھوں نے ایس ای سی کے ساتھ جو معاہدہ کیا ہے اس کے بعد وہ اپنی دیگر کاروباری سرگرمیوں کو آگے بڑھا سکتی ہیں۔‘

سرمایہ کاروں نے جنوری میں مس کارڈیشین، باکسر فلوئڈ مے ویدر جونیئر، باسکٹ بال کھلاڑی پال پیئرس اور ایتھیریم میکس کرپٹو کرنسی کے تخلیق کاروں کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔

اس مقدمے میں ان پر الزام تھا کہ انھوں نے سرمایہ کاروں کو فروخت کرنے سے پہلے قیمت کو بڑھانے کے لیے ڈیزائن کردہ ’پمپ اینڈ ڈمپ‘ سکیم میں کرپٹو کرنسی کو 'گمراہ کن طور پر فروغ دینے اور فروخت کرنے' کے لیے تعاون کیا تھا۔

ایتھیریم میکس نے اس وقت ان الزامات سے اختلاف کیا تھا حالانکہ اپنے نام میں ایتھیریم ہونے کے باوجود ان کا معروف کرپٹو کرنسی ایتھیریم کے ساتھ کوئی قانونی یا کاروباری تعلق نہیں ہے۔

سائبر رپورٹر جو ٹائڈی کا کہنا ہے کہ کوئی بھی کرپٹو کوائن بنا سکتا ہے۔ ان کے بقول آپ کو صرف چند پاؤنڈز، یوٹیوب ٹیوٹوریل اور ایک فنکی نام کی ضرورت ہے۔

صرف اس مہینے، درجنوں نئے کرپٹو ٹوکنز لانچ کیے جائیں گے، اور ان کے تخلیق کار یہ وعدہ کر رہے ہیں کہ ان کی کرپٹو کرنسی ’دی نیکسٹ بگ تھنگ‘ یعنی کہ مارکیٹ میں آنے والی اگلی بڑی چیز ہو گی۔

زیادہ تر اس نئی کرپٹو کرنسیوں کی بظاہر قدر بہت کم ہوتی ہے اور اس پورے عمل میں مارکیٹنگ کلیدی حیثیت رکھتی ہے - بالکل اسی طرح جس طرح بہت سی جدید صنعتوں میں، مشہور شخصیات کسی بھی پروڈکٹ کو بنا یا بگاڑ سکتی ہیں۔

ایتھیریم میکس نے کم کارڈیشین جیسی مشہور شخصیات پر ایڈورٹائزنگ میں بہت زیادہ رقم لگائی - اور پہلے تو ایسا لگ رہا تھا جیسے کہ یہ چیز کام کر رہی ہے۔

لیکن جیسا کہ بہت سی نئی کرپٹو کرنسیز کے ساتھ ہوتا ہے، ان کے ساتھ بھی وہی ہوا، ان کا زوال اتنا ہی ڈرامائی تھا جتنا کہ عروج۔

اگر ایتھیریم میکس نے مشہور شخصیت کی جانب سے توثیق کرنے کے بعد حاصل ہونے والی قدر کو برقرار رکھا ہوتا، تب بھی امریکہ اور برطانیہ دونوں میں ریگولیٹرز اس کرنسی کی مارکیٹنگ کے بارے میں تحفظات رکھتے تھے۔

کرپٹو انڈسٹری اب بھی بڑی حد تک غیر منظم ہے - اور کم کارڈیشین ان لوگوں اور کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی فہرست میں شامل ہو گئی ہیں جنھیں اس خطرناک پروڈکٹ کو فروغ دینے کی وجہ سے سزا ملی ہے۔

گیری گینسلر، جو ایس ای سی کے سربراہ ہیں، نے اس معاملے کو ایک 'یاد دہانی' قرار دیا اور کہا کہ ضروری نہیں کہ مشہور شخصیت کی توثیق کرنے کا مطلب یہ ہو کہ آپ کسی بھی پروڈکٹ کو سرمایہ کاری کے قابل سمجھیں۔

انھوں نے کہا کہ ’مس کارڈیشین کا کیس مشہور شخصیات اور دیگر لوگوں کے لیے ایک یاد دہانی کا بھی کام کرتا ہے کہ قانون ان سے عوام کے سامنے یہ بتانے کا تقاضا کرتا ہے کہ انھیں سکیورٹیز میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے کب اور کتنی رقم ادا کی گئی۔‘

کرپٹو سرمایہ کاری کے بارے میں ایک یوٹیوب ویڈیو میں انھوں نے مزید کہا کہ ’مشہور شخصیات کی توثیق کا مطلب یہ نہیں ہے کہ سرمایہ کاری کی مصنوعات آپ کے لیے صحیح ہیں یا یہاں تک کہ واضح طور پر، یہ جائز ہیں۔ اگرچہ مشہور شخصیت کی توثیق حقیقی ہے، ہر سرمایہ کاری میں خطرات اور مواقع ہوتے ہیں۔

’جب بات کرپٹو کی ہو تو یاد رکھیں کہ ان میں سے بہت سے اثاثے انتہائی قیاس آرائی پر مبنی ہوتے ہیں۔ آپ سوچتے ہیں کہ کیا یہ آپ کے لیے صحیح ہیں یا پھر یہ کہ یہ ایک سکیم یا دھوکہ ہوسکتا ہے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More