وزیراعظم حکام کو الیکشن کمیشن کی معاونت کی ہدایت کریں، صدر مملکت کا خط

ہم نیوز  |  Mar 24, 2023

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم میاں شہباز شریف سے کہا ہے کہ توہین عدالت سے بچنے کیلئے عام انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کی معاونت کریں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے یہ بات میاں شہباز شریف کو لکھے گئے خط میں کہی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے متعلقہ انتظامی حکام کو انسانی حقوق کی پامالی سے باز رہنے کی ہدایت کی جائے۔

انہوں نے خط میں لکھا ہے ماضی قریب میں میڈیا نے بنیادی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے واقعات کو اجاگر کیا، ایسے واقعات کے تدارک اور اصلاح کیلئے وزیراعظم کے نوٹس میں لانے کی ضرورت تھی، آئین کے تحت اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 90 دن میں انتخابات کرانا ضروری ہیں۔

صدر مملکت نے خط میں کہا ہے سپریم کورٹ نے 90 دن کے اندر انتخابات کرانے کیلئے تاریخ تجویز کرنے کا حکم دیا، گورنر خیبرپختونخوا کو بھی عام انتخابات کے انعقاد کیلئے تاریخ مقرر کرنے کا حکم دیا گیا تھا، لگتا ہےعام انتخابات کے انعقاد کیلئے ضروری تعاون فراہم کرنے سے معذوری ظاہر کرنے کا کہا گیا، آئین کے تحت وفاقی اور صوبائی ایگزیکٹو اتھارٹیز کا فرض ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کی مدد کریں۔

وزیراعظم میاں شہباز شریف کو بھیجے جانے والے خط میں صدر مملکت نے کہا ہے میری رائے میں ایگزیکٹو اتھارٹیز اور سرکاری محکموں نے آئین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی، الیکشن کمیشن نے 30 اپریل کو پنجاب میں عام انتخابات کے انعقاد کے اپنے اعلان پر عمل نہیں کیا، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم کی کھلی خلاف ورزی کی۔

انہوں نے کہا ہے کہ ای سی پی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں عام انتخابات کے انعقاد کیلئے 8 اکتوبر کی تاریخ کا اعلان کیا، وزیراعظم کی جانب سے آرٹیکل 46 کے تحت صدر کے ساتھ کوئی بامعنی مشاورت نہیں کی گئی۔

صدر مملکت نے خط میں وزیراعظم کی توجہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جانب بھی مبذول کراتے ہوئے  پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مظالم اور شہریوں کیخلاف طاقت کے استعمال کی سنگینی کا بھی ذکر کیا ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سیاستدانوں، کارکنوں، صحافیوں اور میڈیا کے خلاف متعدد مقدمات درج کیے گئے، سیاسی کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے، شہریوں کو بغیر وارنٹ اور قانونی جواز کے اغوا کر لیا گیا۔

انہوں نے اپنے خط میں بنیادی حقوق سے متعلق آئین کے مختلف آرٹیکلز کا بھی حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے آئین کے آرٹیکلز کی واضح طور پر خلاف ورزی کی جا رہی ہے، ایسے واقعات سے عالمی برادری میں پاکستان کا امیج خراب ہوا، جمہوریت اور انسانی حقوق کی صورتحال اور مستقبل پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں، 2021 کے ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس میں پاکستان 180 ممالک میں سے 145 ویں نمبر پر تھا، 2022 میں پاکستان 12 درجے نیچے 157 ویں نمبر پر آ گیا، اس سال کے اقدامات سے اس انڈیکس میں پاکستان کی درجہ بندی مزید نیچے آئے گی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے خط میں لکھا ہے پاکستان میں حالیہ مہینوں میں میڈیا کو مزید دبایا گیا، حکومت کیخلاف اختلاف ، تنقید دبانے کیلئے صحافیوں کو بغاوت اور دہشت گردی کے الزامات کا نشانہ بنایا گیا، ایسا لگتا ہے کہ آزادانہ رائے رکھنے والے میڈیا پرسنز کیخلاف دہشت کا بازار گرم کر دیا گیا۔

الیکشن کمیشن نےا ختیارات کا ناجائز استعمال کیا، نوٹیفکیشن واپس لے، سپریم کورٹ بار

صدر مملک نے وزیراعظم کو بھیجے جانے والے خط میں کہا ہے وزیر اعظم ہر شہری کے انسانی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے ذمہ دار ہیں، متعلقہ حکام کو حقوق کی خلاف ورزی سے باز رہنے کی ہدایت کریں اور الیکشن کمیشن کو معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کریں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More