ایشین گیمز میں نیپال کا ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ سکور بنانے کا ریکارڈ

اردو نیوز  |  Sep 27, 2023

چین میں جاری 19 ویں ایشین گیمز میں کرکٹ کے مقابلوں میں نیپال نے منگولیا کے خلاف ٹی 20 کرکٹ کا سب سے زیادہ سکور بنا کر نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

چینی شہر ہینگزو میں کھیلے گئے میچ میں نیپال نے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنائے۔

نیپال کی جانب سے کوشال مَلا نے 50 گیندوں پر 137 رنز بنائے جس میں انہوں نے منگولیا کے بولروں کو 12 چھکے اور 8 چوکے رسید کیے۔

کوشال مَلا نے انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین سینچری بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔

انہوں نے منگولیا کے خلاف 34 گیندوں پر سینچری بنائی۔

اُن کے علاوہ کپتان روہت پاؤڈیل نے 27 گیندوں پر 61 جبکہ دِیپندرا سنگھ ایری نے 10 گیندوں پر 52 رنز سکور کیے۔

نیپال نے اپنی اننگز میں مجموعی طور پر 26 چھکے اور 14 چوکے لگائے جبکہ منگو یا کی جانب سے 29 رنز ایکسٹرا دیے گئے۔

315 رنز کے جواب میں منگولیا کی پوری ٹیم صرف 41 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی جس کے بعد نیپال نے یہ میچ 273 رنز کے تاریخی مارجن سے جیت لیا جو ایک ورلڈ ریکارڈ مارجن ہے۔

اس میچ میں نیپال نے ٹی20 کرکٹ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے کا لگانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔ 

Wait what was that, Kushal Malla? #AsianGames #Hangzhou2023 pic.twitter.com/USpox0tZ0p

— Cricbuzz (@cricbuzz) September 27, 2023

نیپال نے منگولیا کے خلاف 26 چھکے لگائے جس کے بعد افغانستان کا ایک اننگز میں 22 چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا ہے۔

خیال رہے اس سے قبل ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ ایک اننگز میں رنز بنانے کا ریکارڈ افغانستان کے پاس تھا جنہوں نے 2019 میں آئرلینڈ کے خلاف تین وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز بنائے تھے۔

واضح رہے یہ منگولیا کا انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلا میچ تھا۔

اس سے قبل ایشین گیمز کے ویمنز کرکٹ کے مقابلوں میں منگولیا کی ٹیم انڈونیشیا کے خلاف صرف 15 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی تھی۔

منگولیا کی خواتین ٹیم نے اُس میچ میں 38 وائڈ بالز کروائی تھیں جبکہ اُن کی ٹیم کی کئی کھلاڑی پہلی مرتبہ گھاس والی گراؤنڈ پر کوئی بھی کرکٹ میچ کھیلی تھیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More