گجرات میں 'نیکیاں فروخت کرنے والا' بھکاری گرفتار، ’10 روپے میں ایک لاکھ نیکی‘

اردو نیوز  |  Oct 02, 2023

سنیچر کو گجرات پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک انوکھا بھکاری گرفتار کیا جو نیکیاں ’فروخت‘ کر کے بھیک مانگتا تھا۔

تھانہ گلیانہ گجرات کی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ذو الفقار علی نامی بھکاری کو گرفتار کیا جو مین بازار گلیانہ چوک میں چندے کی آڑ میں لوگوں سے بھیک مانگ رہا تھا۔

تھانہ گلیانہ کی پولیس نے اُردو نیوز کو بتایا کہ ملزم کے جیب سے مختلف کرنسی نوٹس برآمد ہوئے جو اُس نے لوگوں سے مانگے تھے۔

پولیس نے مزید بتایا ’ملزم نے بھیک مانگنے کے لیے نیا طریقہ کار اپنایا تھا۔ اُن کے جیب سے ایک رسید بُک ملا جس پر نیکیوں کی مختلف قیمتیں درج تھیں۔‘

پولیس کے بقول ملزم نے ایک رسید بک بنائی تھی جس پر چندہ دینے والے کے کوائف درج کیے جاتے تھے۔

بھکاری سے ملنے والے رسید بُک، جس کی ایک کاپی اردو نیوز کے پاس موجود ہے، پر جلی حروف میں ’حاکم دین کا دربار‘ لکھا گیا ہے جبکہ ذیل میں چار خانے بنائے گئے ہیں۔

اِن خانوں میں لکھا گیا ہے کہ ’10 روپے دے کر ایک لاکھ نیکی کمائیں‘ اگلے جملے میں ’1000 روپے دے کر ایک ارب نیکی کمائیں‘ لکھا گیا ہے۔

اس پیڈ پر ایک کھرب نیکیوں کی قیمت دس ہزار روپے درج ہے۔

متعلقہ پولیس نے اس حوالے سے بتایا کہ ملزم رسید پر نام  اور فون نمبر درج کر کے لوگوں کو نیکیاں دینے کا وعدہ کرتا تھا۔

’یہ دراصل نیکیاں فروخت نہیں کر رہا تھا لیکن اس نے بھیک مانگنے کے لیے یہ نیا طریقہ ایجاد کر لیا تھا۔ لوگوں کو ورغلا کر اُن سے پیسے لیتا اور اُن کو بتاتا کہ آپ کو اتنی نیکیاں مل جائیں گی یا مل گئیں ہیں۔‘

 گلیانہ پولیس نے اپنی مدعیت میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم کو جوڈیشل کر دیا گیا ہے۔ ملزم کے قبضے سے رسید بک اور 550 روپے روپے بھی تحویل میں لیے گئے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More