امریکا اور یورپی یونین کا روس پر اضافی پابندیاں لگانے کا اعلان

اے پی پی  |  Feb 25, 2024

اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):امریکا اور یورپ نے روس پر اضافی پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔ جاپانی خبررساں ادارے این ایچ کے،کے مطابق یوکرین کے خلاف جنگ اور اپوزیشن لیڈر الیکسی نوالنی کی موت کے جواب میں امریکا نے روس پر 500 سے زیادہ نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

یہ پابندیاں نوالنی کی قید سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ ساتھ روس کے مالیاتی شعبے، دفاعی صنعت اور دیگر پر عائد کی گئی ہیں۔امریکا نے جنگ میں مدد فراہم کرنے والی تقریباً 100 کمپنیوں پر نئی برآمدی پابندیاں بھی لگائی ہیں۔ تازہ ترین پابندیوں میں چین اور شمالی کوریا سے منسلک کمپنیوں، اور پہلی بار ایران کی وزارت دفاع کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

یورپی یونین نے اپنی سلسلہ وار پابندیوں کے ایک نئے مرحلے کا اعلان کیا ہے جو جنگ شروع ہونے کے بعد سے اس کا 13واں مرحلہ ہے۔ اس بار، ڈرونز اور دیگر فوجی ٹیکنالوجی تک روس کی رسائی کو مزید محدود کرنے کے ساتھ ساتھ روس کو ہتھیاروں کی فراہمی میں ملوث کمپنیوں اور افراد کو نشانہ بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ ان میں شمالی کوریا اور بیلاروس سے تعلق رکھنے والی کمپنیاں اور افراد بھی شامل ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More