وسیم اکرم نے پی سی بی میں اہم عہدہ سنبھالنے سے معذرت کیوں کی؟

ہم نیوز  |  Aug 04, 2024

لاہور: سابق کپتان و سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں عہدہ سنبھالنے سے معذرت کر لی۔

ذرائع کے مطابق سابق کپتان وسیم اکرم کو چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) یا چیئرمین کا مشیر بننے کی پیشکش کی گئی تھی۔ لیکن نجی مصروفیات کے باعث انہوں نے کُل وقتی ملازمت سے معذرت کر لی۔ جس کے بعد وقار یونس کا تقرر کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق چند روز قبل چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے وسیم اکرم سے رابطہ کر کے کہا کہ وہ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر یا ان کے مشیر کی پوسٹ سنبھال لیں اور یہ کْل وقتی ملازمت ہو گی۔ کرکٹ کے تمام امور انہیں ہی دیکھنا ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کپتان وسیم اکرم نے چیئرمین پی سی بی سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب مستقل طور پر کراچی میں مقیم ہیں۔ اہلخانہ کی وجہ سے اکثر آسٹریلیا بھی جانا پڑتا ہے اور ان کے لیے لاہور میں دوبارہ رہائش پذیر ہونا اب ممکن نہیں۔

انہوں ںے کہا کہ جب بھی پاکستان کرکٹ کو ان کی ضرورت ہوئی تو وہ بلامعاوضہ بھی دستیاب ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: مستقبل میں پی ایس ایل کا حصہ بننے پر خوشی ہو گی، ٹم ساؤتھی

چیئرمین نے ان سے اپنے مستقبل کے پلانز بھی شیئر کیے جس سے وسیم اکرم خاصے متاثر نظر آئے۔ بورڈ حکام نے اس کے بعد وقار یونس سے رابطہ کیا جو ذمہ داری سنبھالنے پر آمادہ ہو گئے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی وقار یونس مختلف حیثیتوں میں پی سی بی کے ساتھ منسلک رہ چکے ہیں مگر ہر بار اختتام ناخوشگوار انداز میں ہوا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More