پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں سیاسی قوت کا مظاہرہ، تیاریاں مکمل

سچ ٹی وی  |  Sep 08, 2024

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج اسلام آباد میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جب کہ وفاقی دارالحکومت کے علاقے سنگجانی میں جلسہ گاہ کے قریب مشکوک بیگ سے دستی بم، ڈیٹونیٹر، تار اور دیگر بارودی مواد ملا ہے۔

رات گئے تک جلسہ گاہ میں تیاریوں کا سلسلہ جاری رہا، ساونڈ سسٹم لگادیا گیا، تحریک انصاف کے رہنماوں اور کارکنوں کی آمد کاسلسلہ بھی جاری رہا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور صوابی سے ریلی کی قیادت کرتےہوئے جلسہ گاہ پہنچیں گے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے جلسے متعلق پیغام میں کارکنوں کو ہرصورت جلسہ گاہ پہنچنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری عوام کے سامنے ہے، آج ہر صورت جلسے میں پہنچنا ہے، عوام نے ثابت کرنا ہے کہ اپنی نئی نسلوں کو لٹیروں کے حوالے نہیں کریں گے۔

جلسے کی تیاری کے سلسلے میں پی ٹی آئی کے رہنما سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا، واضح کیا کہ جلسہ میں مہنگائی کے خاتمے، امن وامان کے قیام اور عمران خان سمیت سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا جائے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر نے انتظامیہ سے درخواست کی این اوسی دیا ہے تو آخری وقت میں رکاوٹیں نہ ڈالی جائیں۔

جلسے کے موقع اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر ضلع بھر میں سیکیورٹی ریڈ الرٹ ہے، شہر کے داخلی راستے کنٹینرز رکھ کر بند کردیے گئے ہیں جب کہ ریڈ زون آنے اور جانے والے تمام راستوں پر کنٹینر رکھے گئے ہیں۔

جلسہ گاہ کے قریب مشکوک بیگ سے ہینڈ گرینیڈ برآمد ہوا ہے، پولیس کے مطابق بیگ سے دستی بم، ڈیٹونیٹر، تار اور دیگر بارودی مواد برآمد ہوا ہے ، بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر موجود ہے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

ریڈ زون میں داخلے کے لیے متعلقہ افراد کو مارگلہ روڈ کے راستے سے جانےکی اجازت ہوگی، جلسے سے قبل سنگجانی کے مقام پر کنٹینر رکھ کر جی ٹی روڈ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا جب کہ موٹر وے 26 نمبر چونگی پر اسلام آباد کے داخلی راستے بند کر دیے گئے۔

سکیورٹی ریڈ الرٹ ہے اور امن وعامہ کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف مقامات پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے لاہور سے تعلق رکھنے والے کارکن ممکنہ گرفتاریوں سے بچنے کے لیے ایک دن پہلے ہی روپوش ہوگئے، ذرائع کے مطابق زیادہ تر رہنما اور کارکن پہلے ہی اسلام آباد پہنچ گئے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More