لائیو: اسلام آباد میں ’احتجاج پر تین سال کی سزا بنیادی حقوق کے خلاف ہے‘

اردو نیوز  |  Sep 24, 2024

اسلام آباد میں بغیر اجازت پُرامن اجتماع پر پابندی کی قانون سازی کو ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔

منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاق اور سیکریٹری قانون کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اٹارنی جنرل کو معاونت کے لیے طلب کیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے ایمان مزاری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئیں۔

وکیل ایمان مزاری نے عدالت کو بتایا کہ پُرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے اس پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ’اجتماع تو اجازت سے مشروط ہوتا ہے اور اُس کے لیے ایک جگہ مختص ہوتی ہے، یورپ اور برطانیہ سمیت پوری دنیا میں احتجاج کے لیے اکھٹے ہونا اجازت سے مشروط ہوتا ہے۔‘

وکیل ایمان مزاری نے بتایا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو تین سال قید کی سزا مقرر کی گئی ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ’تین سال سزا والی بات بنیادی حقوق کے خلاف ہے، یہ کہہ سکتے ہیں۔‘

عدالت نے وفاق سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

شہباز شریف کا دورۂ امریکہ، جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے

 

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف پانچ روزہ دورے پر امریکہ پہنچ گئے ہیں۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ، وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی اور معاون خصوصی طارق فاطمی وزیراعظم کے ہمراہ وفد میں شریک ہیں۔ 

نیویارک ایئرپورٹ پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔

شہباز شریف سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کی جانب سے رکن ممالک کے سربراہان کے لیے دیے گئے استقبالیے میں شرکت کریں گے جہاں وزیراعظم کی مختلف ممالک کے سربراہان کے ساتھ غیر رسمی ملاقات ہو گی۔

وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔

ان کی مالدیپ کے صدر محمد معیزو کے ساتھ ملاقات طے ہے جس میں دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے گفتگو ہو گی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

’پاکستان کا فخر‘، مکسڈ مارشل آرٹس کے فائٹر شاہ زیب رند کی وطن واپسی

سنگاپور میں عالمی کراٹے کامبیٹ مقابلے میں جیت اپنے نام کرنے والے پاکستانی کھلاڑی شاہ زیب رند کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔

19 ستمبر کو سنگاپور میں برازیل کے فائٹر کو شکست دیتے ہوئے پاکستان کے مکسڈ مارشل آرٹ کے کھلاڑی شاہ زیب رند کامبیٹ ورلڈ چیمپیئن بن گئے تھے۔

وزیر اعلٰی بلوچستان سرفراز بگٹی نے شاہ زیب رند کا کوئٹہ ائیر پورٹ پر استقبال کیا اور جیت کا تسلسل رکھنے پر مبارکباد دی۔

وزیراعلٰی سرفراز بگٹی نے اس موقعے پر کہا کہ ’آپ بلوچستان اور پاکستان کا فخر ہیں۔ آپ نے پاکستان کا نام روشن کیا اور آپ جیسے باصلاحیت نوجوان سے ہی ملک کا روشن مستقبل وابستہ ہے۔‘

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیراعلٰی خیبر پختوخوا پر لاہور میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج

لاہور پولیس نے وزیراعلٰی خیبر پختونخوا اور پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک پر پولیس پر حملہ کرنے اور توڑ پھوڑ کے الزامات میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

مقدمہ ایس ایچ او ہڈیارہ حماس حمید کی مدعیت میں تھانہ مناواں میں درج ہوا۔ مقدمے میں دہشت گردی، اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

21 ستمبر کو پاکستان تحریک انصاف نے لاہور کے علاقے کاہنہ کے مقام پر جلسہ کیا تھا جس میں مملک کے مختلف شہروں سے رہنماؤں اور کارکنان نے شرکت کی تھی۔

لاہور پولیس نے علی امین گنڈا پور اور شاہد خٹک سمیت تقریباً 300 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ’خیبر پختونخوا سے علی امین گنڈاپور کی قیادت میں تقریباً 300 افراد کا جتھہ آیا تھا جس نے ٹول پلازا کے شیشے توڑے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

26 سے یکم اکتوبر تک ملک کے بیشتر شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

 

قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ 26 ستمبر سے یکم اکتوبر تک ملک کے بیشتر شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔

گزشتہ شب جاری کیے گئے ایک بیان میں این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ متعلقہ علاقوں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے متعدد علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی۔

سندھ کے کچھ علاقوں میں 26 ستمبر سے 28 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں۔

موسلا دھار بارش سے پنجاب کے شہری علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی جبکہ خیبر پختونخوا کے شہروں نوشہرہ اور پشاور میں سیلاب کا امکان ہے۔

موسلادھار بارش سے مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی متوقع ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More