قومی اسمبلی اجلاس: عطا تارڑ اور شاہد خٹک کے درمیان ہاتھا پائی

سچ ٹی وی  |  Nov 04, 2024

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران وفاقی وزیر نشریات و اطلاعات عطا تارڑ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک کے درمیان ہاتھا پائی ہوگئی۔

قومی اسمبلی اجلاس میں حکومت کی جانب سے مختلف بلز ضمنی ایجنڈےکے ذریعے لائے گئے۔

اس دوران قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن نے ہنگامہ آرائی کی۔ اپوزیشن نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرلیا اور بل کی کاپیاں پھاڑ دیں۔

پی ٹی آئی کے شاہد خٹک اور ن لیگ کے عطا تارڑ کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ حالات خراب ہونے پر سارجنٹ ایٹ آرمز ایوان میں داخل ہوگئے۔

ایوان میں دونوں طرف سے شدید نعرےلگائے گئے۔ عطا تارڑ نے 'بانی پی ٹی آئی کی باجی چور ہیں، قاسم کے بابا چور، پنکی،گوگی اور کپتان لوٹ کے کھا گئے پاکستان'، کے نعرے لگائے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان کی مدت ملازمت 5 سال اور سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد 17 سے بڑھا کر 34 جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز کی تعداد 9 سے بڑھا کر 12 کرنے کے حوالے سے ترمیمی بل منظور کیے۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ججز کی تعداد بڑھانے اور پریکٹس اینڈ پروسیجرترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش کیے، مسلح افواج کے سربراہان کی مدت ملازمت 5 سال کرنے کے ترمیمی بلز وزیر دفاع خواجہ آصف نے پیش کیے۔

اپوزیشن کی فلک شگاف نعرے بازی کے دوران ترمیمی بلز کی شق وار منظوری کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس کی کارروائی کل صبح 11 بجے تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More