سلمان خان کے بعد شاہ رخ خان کو بھی قتل کی دھمکی موصول

اردو نیوز  |  Nov 07, 2024

بالی وڈ  کے سپر سٹار شاہ رخ خان کو جان سے مارنے کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔ 

انڈیا ٹوڈے کے مطابق انڈیا کے شہر رائے پور سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے ممبئی کے باندرہ پولیس سٹیشن میں دھمکی آمیز کال کی اور 50 لاکھ انڈین روپے کا مطالبہ کیا۔ 

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور اس وقت رائے پور میں ایک تحقیقاتی ٹیم موجود ہے۔

پولیس کے مطابق فون کال کرنے والے مبینہ شخص کی شناخت فیضان خان کے نام سے ہوئی ہے جس کی لوکیشن ایک فعال فون نمبر کے ذریعے ٹریس کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پولیس نے جب فیضان سے تفتیش کی تو انہوں نے بتایا کہ ’یہ کال میں نے نہیں کی، میں پیشے کے اعتبار سے وکیل ہوں اور میرا فون 2 نومبر کو چوری ہو گیا تھا۔‘

فیضان نے بتایا کہ ’انہوں نے فون چوری ہونے کی درخواست دائر کروا رکھی ہے، اسی دوران کسی نے ان کے فون کے ذریعے شاہ رخ خان کو دھمکی آمیز کال کی ہے۔‘

شاہ رخ خان کو گزشتہ اکتوبر میں بھی جان سے مارنے کی دھمکی ملی تھی۔ یہ واقعہ ان کی دو فلموں 'پٹھان' اور 'جوان' کی کامیابی کے بعد پیش آیا تھا۔

اس واقعے کے بعد ممبئی پولیس نے 59 سالہ اداکار کو Y+ سیکیورٹی مہیا کی تھی جس کے تحت شاہ رخ خان کے ساتھ چھ مسلح اہلکار چوبیس گھنٹے موجود ہوتے ہیں۔ 

واضح رہے حال ہی میں بالی وڈ کے ایک اور سپر سٹار سلمان خان کو بھی بشنوئی گینگ سے دھمکیاں موصول ہو چکی ہیں جس کے بعد کرناٹکا سے بھکارم جالرام نامی شخص کو گرفتار بھی کیا تھا۔ 

سلمان خان کو 30 اکتوبر کو ایک اور دھمکی موصول ہوئی تھی جس میں ان سے 2 کروڑ کے بھتے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ 

سلمان خان اپریل میں اس وقت خبروں میں آئے تھے جب مشتبہ بشنوئی گینگ کے شوٹرز نے باندرہ میں ان کے گھر کے باہر فائرنگ کی تھی، جس کے بعد ان کی سیکیورٹی میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More