کیا انڈین کرکٹ میں نامور کھلاڑیوں کا دور ختم ہو رہا ہے یا اُن کا ’آخری خواب‘ سچ ہو گا

بی بی سی اردو  |  Nov 07, 2024

Getty Imagesنیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد روہت شرما اور وراٹ کوہلی کو تنقید کا سامنا

مایوسی کے عالم میں اکثر یہ کہا جاتا ہے کہ ’کیا اِس رات کی کوئی صبح ہو گی؟‘

ممبئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف مسلسل تیسرے ٹیسٹ میچ میں لنچ کے بعد شکست کے بعد یہ کہا جا سکتا تھا کہ انڈین کرکٹ میں اس دوپہر کے بعد کوئی شام نہیں ہے۔ اور اگر وہ شام آ بھی جائے تو اگلے سال جنوری سے پہلے انڈین کرکٹ میں نئے دور کی صبح نظر نہیں آتی۔

انڈین کرکٹ کا قلعہ جسے ناقابل تسخیر سمجھا جاتا تھا اسے نیوزی لینڈ نے فتح کر لیا ہے اور وہ بھی اپنے کامیاب ترین اور سب سے زیادہ تجربہ کار کھلاڑی کین ولیم سن کی غیر موجودگی میں۔

اس کے ساتھ اس نے اپنی ہی سرزمین پر مسلسل 18 سیریز جیتنے کے انڈیا کے ’گھمنڈ‘ کو بھی چکناچور کر دیا۔

جب آپ کی توجہ اس بات کی جانب مبذول ہوتی ہے کہ پونے ٹیسٹ کے ہیرو مچل سینٹنر بھی ممبئی کے وانکھیڑے میں نہیں تھے، تو آپ کو اندازہ ہوتا ہے کہ یہ گذشتہ 25 سالوں میں ٹیسٹ کرکٹ میں انڈین کرکٹ کی سب سے مایوس کن کارکردگی تھی۔

اس سے قبل سنہ 1999-2000 میں جنوبی افریقہ کے خلاف دو میچوں کی سیریز میں سچن ٹنڈولکر کی ٹیم کو کلین سویپ کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد ماسٹر بلاسٹر ہمیشہ کے لیے کپتانی سے دستبردار ہو گئے تھے۔

یہ وہ دور تھا جب انڈین کرکٹ میچ فکسنگ کے سائے پر قابو پانے کی کوشش کر رہی تھی۔

اس کے بعد سورو گنگولی کی کپتانی میں انڈین کرکٹ نے ایک نئے دور کا آغاز کیا۔

24 سال قبل اپنی ہی سرزمین پر ملنے والی شکست فاش کے بعد انڈیا میں خود شناسی کے ذریعے ایک مضبوط بنیاد ڈالی گئی جس کی وجہ سے انڈیا نے نہ صرف اندرون ملک تاریخی فتوحات حاصل کیں بلکہ غیر ملکی دوروں پر بھی وقفے وقفے سے اس نے پرچم بلند کیے۔

انڈین کرکٹ اب کس سمت جائے گی؟

اب سوال یہ ہے کہ کیا انڈین کرکٹ میں ایک بار پھر خود آگہی آئے گی؟ کیا چیف سلیکٹر اجیت اگارکر اور ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر تجربہ کار کھلاڑیوں کی ٹیم میں شمولیت اور ان کے مستقبل کے حوالے سے حساس معاملات پر ایماندارانہ رائے قائم کر سکیں گے؟

یہ مکمل طور پر ممکن ہے کہ کپتان روہت شرما اور وراٹ کوہلی رواں ماہ شروع ہونے والے آسٹریلیا کے دورے میں اپنے بلے کی سوئنگ دوبارہ حاصل کر سکتے ہیں۔

یہ بھی ممکن ہے کہ ٹیم انڈیا معجزانہ طور پر آسٹریلیا میں مسلسل تیسری بار ٹیسٹ سیریز جیت لے۔

لیکن پھر بھی انڈین کرکٹ کو ایک کڑوے سچ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ نیوزی لینڈ نے انڈین کرکٹ کو جو کڑوا سچ دکھایا ہے وہ یہ ہے کہ شاید روہت اور وراٹ کے غلبے کا دور ختم ہو گیا ہے۔

انڈیا نے ٹیسٹ کرکٹ میں تاریخی زوال کو عروج میں کیسے بدلا؟ نیوزی لینڈ سے کلین سویپ پر ہربھجن سمیت سابق انڈین کھلاڑی مایوس: ’ٹرننگ پچز ہماری ہی دشمن بن گئیں‘سرفراز خان کی پہلی ٹیسٹ سنچری: رنز کا انبار لگانے والے انڈین بلے باز جنھیں کوہلی نے وزن کم کرنے کا مشورہ دیاکیا انڈیا کے عظیم بلے بازوں کو الوداع کہنے کا وقت آ گیا؟

یہ دونوں عظیم کھلاڑی ہیں اور ان کی صلاحیت راتوں رات ختم نہیں ہو گی۔ لیکن اس کا مطلب یہ بھی نہیں ہے کہ انڈین کرکٹ کے مستقبل کا راستہ ان تجربہ کار کندھوں کی مضبوطی پر طے کیا جاسکے۔

کرکٹ کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو یہ دیکھا گيا ہے کہ کرکٹ اکثر آخری دور میں اپنے سب سے پیارے بیٹوں کے ساتھ ظالمانہ سلوک کرتی ہے۔ اس کھیل نے اپنی آخری اننگز میں سر ڈان بریڈمین کو بھی نہیں بخشا اور وہ صفر پر آوٹ ہو گئے اور کرکٹ کو الوداع کہا۔ اگر وہ صرف مزید چار رنز بنا لیتے تو ان کی اوسط پورے 100 رنز ہوتی۔

کرکٹ نے ویوین رچرڈز، رکی پونٹنگ اور یہاں تک کہ سچن ٹنڈولکر کو یہ بتانے سے گریز نہیں کیا کہ بڑھتی عمر نے ان سب کے کھیلوں کو متاثر کیا ہے۔

Getty Imagesروہت شرما اور وراٹ کے درمیان راہل دراوڈوراٹ کوہلی اور روہت شرما

تو کیا وراٹ کوہلی اور روہت شرما بھی اسی مرحلے پر پہنچ گئے ہیں؟

میچ ہارنے کے بعد خود روہت نے کھلے طور پر اعتراف کیا کہ وہ بلے باز اور کپتان کے طور پر اپنی بہترین فارم میں نہیں ہیں۔

انڈین کرکٹ میں سیریز ہارنے کے بعد کوئی بھی کپتان اس انداز میں اپنی غلطی کو کھلے دل سے قبول نہیں کرتا۔ لیکن، کیا روہت کے پاس کوئی اور آپشن بچا تھا جب سنیل گواسکر، روی شاستری یا سنجے منجریکر جیسے ممبئی کے لیجنڈ کھلاڑی موجودہ کپتان کے مزاج اور تکنیک پر تیکھے تبصرے کرنے سے نہیں ہچکچا رہے تھے؟

وراٹ کوہلی کے لیے 2014 کے دورہ انگلینڈ کے بعد یہ ان کے کریئر کا بدترین دور ہے۔ پچھلے پانچ سالوں میں ان کی اوسط 55 سے گر کر اب 30 کے قریب آ گئی ہے۔

اس عرصے میں بڑی اننگز کو اگر نظر انداز کر دیں تو آپ دیکھیں گے کہ ان کی سنچریاں بھی بہت مشکل سے آتی ہیں۔ دوسری جانب ان کے ہم عصر اور ’فیب فور‘ کے اہم رکن جو روٹ سنچریاں بنا رہے ہیں اور انھوں نے گذشتہ چارسالوں میں 18 سنچریاں بنائی ہیں۔

اس کے ساتھ ہی، کوہلی کے لیے اس سیریز کی چھ اننگز میں 100 رنز بھی نہ بنا پانا ان کی ’کنگ کوہلی‘ والی شبیہہ سے بالکل متصادم لگتا ہے۔

Getty Imagesانڈین ٹیمآخر قصور کس کا ہے؟

آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ نے ممبئی میں دونوں اننگز میں 5-5 وکٹیں لے کر بھلے ہی ناقدین کو خاموش کر دیا ہو لیکن سکے کا دوسرا رخ یہ ہے کہ اس میچ سے قبل آخری 24 اننگز میں جڈیجہ نے صرف ایک بار ایک اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔

اس سیریز کے بعد روی چندرن اشون پر تنقید کرنا درست نہیں ہوگا کیونکہ وہ بنگلہ دیش کے خلاف پچھلی سیریز میں مین آف دی سیریز تھے۔

تو ایسے میں کیا آپ رواں سال ٹیسٹ کرکٹ میں انڈیا کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے یشسوی جیسوال کو تنقید کا نشانہ بنائيں گے یا ممبئی میں دونوں اننگز میں ناکام رہنے والے نوجوان سرفراز خان کو تنقید کا نشانہ بنائيں گے جنھوں نے صرف ایک میچ پہلے بنگلور میں 151 رنز بنائے تھے؟

یا پھر شبمن گل پر انگلی اٹھائيں گے جو بظاہر مسلسل بہتری کی طرف گامزن ہیں لیکن پھر بھی اس انداز میں رنز نہیں بنا رہے ہیں جو ان میں صلاحیت نظر آتی ہے۔

کے ایل راہل اکثر ایسے موقعوں پر سوشل میڈیا پر قربانی کا بکرا بن جاتے ہیں لیکن اس سیریز میں وہ پچھلے دو میچوں میں پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں رہے ہیں۔

دوسری جانب رشبھ پنت اور واشنگٹن سندر مکمل مایوسی کے درمیان امید کی واحد کرن بن کر ابھرے ہیں۔ یہ ایک اتفاق ہے کہ دونوں نے آسٹریلیا کے دورے پر میچ نہیں بلکہ سیریز جیت کر انڈین کرکٹ کو انتہائی نازک لمحات سے بچا لیا تھا۔

لیکن، چند ہفتوں بعد آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں محض ان دونوں کی بنیاد پر واپسی کی امید نہیں کی جا سکتی۔

گذشتہ سال نومبر میں ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں ناکامی کے باوجود روہت شرما اور ان کے ساتھی کھلاڑیوں نے ٹیم کے تجربہ کار کھلاڑیوں پر اعتماد کم نہیں کیا اور صرف چھ ماہ بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انھوں نے یادگار فتح حاصل کی۔

لیکن نیوزی لینڈ کے خلاف اس عبرتناک شکست کے بعد انڈین کرکٹ کے پاس ٹیسٹ کرکٹ میں چھ ماہ کا صبر نہیں ہو گا اور نہ ہی بڑی ٹیموں کے پاس اگلے چھ ہفتوں تک مزید وقت ہو گا۔

اگر روہت، وراٹ، اشون، جڈیجہ اور بمراہ ان چھ ہفتوں کے دوران اپنی فارم حاصل کر لیتے ہیں تو پھر 29 جون سنہ 2024 کو بارباڈوس میں جو ہوا وہ سات جنوری 2025 کو سڈنی میں بھی ممکن ہے۔

اگر ایسا ہوا تو ایک خواب اور یادگار فتح کے ساتھ ساتھ موجودہ نسل کی چیمپئن چوکڑی کے لیے ایک یادگار الوداع بھی ممکن ہو سکے گا۔

کیا انڈیا کے عظیم بلے بازوں کو الوداع کہنے کا وقت آ گیا؟ٹریوس ہیڈ کی بیوی اور بیٹی کو دھمکیاں: ’کیا ہم اتنا نیچے گر گئے ہیں، کرکٹ کب دھمکیوں اور گالیوں تک جا پہنچا‘انڈیا نے بنگلہ دیش کو صرف دو دن میں ٹیسٹ میچ کیسے ہرایا؟نیوزی لینڈ کا انڈیا میں ٹیسٹ میچ جیتنے کا 36 سالہ انتظار ختم، بینگلور ٹیسٹ آٹھ وکٹوں سے جیت لیاایڈیڈاس اور پوما: دو بھائیوں کی دشمنی سے پیدا ہونے والی کمپنیاں جنھوں نے کھیلوں کی دنیا کی کایا ہی پلٹ دیوہ تین کرکٹرز جو انڈیا اور پاکستان دونوں کے لیے کھیلے
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More