پراسرار خالق، ’دھوکہ‘ اور پیزا کی خریداری: بٹ کوائن سے جڑی سات دلچسپ کہانیاں

بی بی سی اردو  |  Nov 12, 2024

Getty Images

ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدارتی انتخاب جیتنے کے بعد سے بِٹ کوائن ایک بار پھر اپنی قدر کی بلند ترین سطح کو چُھو رہا ہے۔

اگرچہ نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سنہ 2021 میں ایک بار بِٹ کوائن کو ایک ’دھوکہ‘ قرار دیا تھا لیکن بعد ازاں ان کے خیالات بدل گئے اور انھوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران وعدہ کیا کہ وہ امریکہ کو بِٹ کوائن کا عالمی دارالحکومت بنائیں گے۔

بٹ کوائن استعمال کرنے والے اب جشن منا رہے ہیں کیونکہ ٹرمپ کی صدارت کی خبر کے بعد ان کے ڈیجیٹل سکّوں کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔

بٹ کوائن کی مالیت اور قدر میں اونچ نیچ اور تبدیلی کی کہانی بہت حیران کن رہی ہے کیونکہ اس نے کئی افراد کی راتوں رات قسمت چمکائی اور کئی کنگال بھی ہوئے۔ لیکن ان کہانیوں کی وجہ صرف بٹ کوائن کی قیمتیں نہیں ہے۔

بی بی سی نے ایسے سات واقعات کی فہرست بنائی ہے جب کرپٹو کرنسی سے متعلق دلچسپ کہانیاں سامنے آئیں۔

Getty Imagesبٹ کوائن کا ’پراسرار خالق‘

کوئی بھی یقینی طور پر نہیں جانتا کہ بٹ کوائن کس نے ایجاد کیا۔ اس کا خیال 2008 میں انٹرنیٹ فورمز پر ایک شخص نے پوسٹ کیا تھا جو خود کو ’ستوشی ناکاموتو‘ کہتا ہے۔

ایک وائٹ پیپر میں بتایا گیا کہ کس طرح ڈیجیٹل کیش سسٹم لوگوں کو انٹرنیٹ پر ورچوئل کوائن بھیجنے کے قابل بنانے کے لیے کام کرسکتا ہے بالکل اتنی ہی آسانی سے جیسے کہ ای میل بھیجی جاتی ہے۔

ساتوشی نے ایک پیچیدہ کمپیوٹر نظام بنایا جس کے ذریعے ایک بڑے نیٹ ورک کا استعمال کرتے ہوئے لین دین کے عمل کا آغاز کیا گیا اور نئے سکے بنائے گئے۔

بہت سے رپورٹروں، کرپٹو شائقین اور تفتیش کاروں نے یہ معلوم کرنے کی کوشش کی ہے کہ ساتوشی کون ہیں لیکن سب اب تک ناکام رہے ہیں۔

سنہ 2014 میں صحافیوں نے ایک جاپانی شہری ڈوریان ناکاموتو کا تعاقب کیا کیونکہ ان کا خیال تھا کہ شاید وہ بٹ کوائن کے خالق ہیں لیکن بعد میں پتا چلا کہ ایسا غلط فہمی کی وجہ سے ہوا۔ اس حوالے سے کئی دیگر لوگوں کے نام بھی سامنے آئے لیکن صرف ایک شخص تھا جس نے خود ستوشی ہونے کا دعویٰ کیا۔

سنہ 2016 میں آسٹریلوی کمپیوٹر سائنسدان کریگ رائٹ نے کہا تھا کہ ستوشی وہ ہیں۔

بی بی سی کو دیے گئے ایک ٹی وی انٹرویو میں انھوں نے کہا ’میں ستوشی ناکاموتو ہوں۔ میں اس (بٹ کوائن کی تخلیق) کا اہم حصہ تھا۔ دوسرے لوگوں نے میری مدد کی۔ کچھ لوگ یقین کریں گے جبکہ کچھ آپ کو سچ نہیں بتائیں گے۔ مجھے اس کی پرواہ بھی نہیں ہے۔‘

لیکن رائٹ اسے کبھی ثابت کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے اور کئی سالوں کی قانونی لڑائی کے بعد 2014 میں لندن میں ہائی کورٹ کے جج نے نتیجہ اخذ کیا کہ کریگ رائٹ ستوشی نہیں تھے۔

حال ہی میں ایچ بی او کی ایک دستاویزی فلم میں کینیڈین بٹ کوائن کے ماہر پیٹر ٹوڈ کے حوالے سے کہا گیا کہ شاید وہ ستوشی ہیں لیکن انھوں نے سختی سے اس کی تردید کی۔

Reutersسنہ 2014 میں صحافیوں نے ایک جاپانی شہری ڈوریان ناکاموتو کا تعاقب کیا کیونکہ ان کا خیال تھا کہ شاید وہ بٹ کوائن کے خالق ہیں لیکن بعد میں پتا چلا کہ ایسا غلط فہمی کی وجہ سے ہواپیزا کی خریداری

22 مئی 2010 کو اس وقت تاریخ رقم ہوئی جب بٹ کوائن کے ذریعے پہلی بار باضابطہ طور پر لین دین کیا گیا تھا۔

بھوک کے ستائے لازلو ہینیکس نے دو عدد پیزا کے بدلے ایک کرپٹو فورم پر41 ڈالر مالیت کے بٹ کوائن کی پیشکش کی اور ایک 19 سالہ طالب علم کی اس ادائیگی کو قبول کیا گیا۔ تاریخ میں یہ دن ’بٹ کوائن پیزا ڈے‘ کے طور پر لکھا گیا۔

تب سے ’پیزا کی خریداری‘ ایک سالانہ جشن اور میم ہے جس پر سب ہنستے ہیں لیکن اس سے بٹ کوائن کی طاقت بھی ظاہر ہوتی ہے۔ ایک ایسی سائبر رقم جو واقعی آن لائن اشیا خرید سکتی ہے۔

اس سب پر یقیناً جرائم پیشہ افراد کی نظر بھی تھی کیونکہ اس لین دین کے ایک سال کے اندر بٹ کوائن کے بدلے منشیات اور دیگر غیر قانونی سامان فروخت کرنے والی پہلی ڈارک نیٹ مارکیٹ شروع کی گئی تھی۔

آج اگر دیکھیں تو اس وقت پیزا کے بدلے دو بٹ کوائن دینے کا وہ سودا لازلو کے لیے کچھ اچھا نہیں رہا۔ اگر اس نے ان کوائنز کو اپنے پاس رکھا ہوتا تو اب ان کی قیمت بہت زیادہ ہوتی۔

ایک بٹ کوائن کی قیمت 69 ہزار ڈالر سے زیادہ: بٹ کوائن کیا ہے اور یہ ڈیجیٹل کرنسی کیسے کام کرتی ہے؟کرپٹو کرنسی کو ہر کوئی سمجھ سکتا ہے مگر اس کا استعمال ہر کسی کے بس کی بات نہیں!ٹرمپ کی فتح اور امریکہ کو کرپٹو کرنسی کا عالمی دارالحکومت بنانے کا منصوبہ: ایک بِٹ کوائن کی قیمت 80 ہزار ڈالر کی تاریخی بلندی پربٹ کوائن کی قدر میں اضافہ: دنیا میں زیادہ بٹ کوائنز کس کے پاس ہیں اور اس کی قیمت میں اضافے کی وجوہات کیا ہیں؟قانونی حیثیت

ستمبر2021 میں وسطی امریکہ کے ملک ایل سلواڈور کے صدر نائب بوکیلے نے بٹ کوائن کو قانونی حیثیت دی۔

ہیئر ڈریسرز، سپر مارکیٹوں اور دیگر دکانوں کو قانون کے مطابق بٹ کوائن کو مرکزی کرنسی اور امریکی ڈالر کے ساتھ قبول کرنا پڑا۔

اس اقدام کے بعد بہت سے بٹ کوائن کے شوقین اور رپورٹروں نے اس علاقے کا دورہ کیا جس سے ملک میں سیاحت کو کافی فروغ ملا۔

اگرچہ صدر نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے ان کے ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور شہریوں کے پیسے کے تبادلے کے اخراجات میں کمی آئے گی لیکن یہ اتنا مقبول نہیں ہوا جتنا انھوں نے توقع کی تھی۔ وہ اب بھی پرامید ہیں فی الحال امریکی ڈالر اب بھی ملکی معیشت پرحاوی ہے۔

لوگوں کو بٹ کوائن اپنانے پر مجبور کرنے کی کوشش میں صدر بوکیلے نے بھاری سرکاری رقم خرچ کرنے کے ساتھ ساتھ متنازع طور پر خود بھی گذشتہ چند سالوں میں 6,000 سے زیادہ بٹ کوائن خریدے۔ صدر نے کم از کم 12 کروڑ بٹ کوائنز خریدنے کے لیے اس امید پر خرچ کیے کہ وہ اپنے ملک کے لیے منافع کما سکیں۔

تاہم دسمبر 2023 میں یہ ان کے لیے خوش آئند ثابت ہوا جب پہلی بار ان کےخریدے ہوئے کوائنز کی قیمت آسمان کو چھو رہی تھی۔ ملک کے بٹ کوائن ہولڈنگز پر نظر رکھنے والی ایک ویب سائٹ کا اندازہ ہے کہ بٹ کوائنز کی قیمت میں مجموعی طور پر85 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

قزاقستان میں کرپٹو کا عروج و زوالGetty Images

سنہ 2021 میں قزاقستان بٹ کوائن کے کاروبار کا مرکز بن گیا جس نے چین اور امریکہ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کیا۔

اس کی وجہ بٹ کوائن کے کاروبار کے لیے استعمال ہونے والے کمپیوٹروں کے لیے بجلی کی زیادہ مانگ تھی جو نیٹ ورک کو محفوظ بنانے کے لیے پیچیدہ نظام اور حساب کتاب کے تحت کام کرتے ہیں۔

آج کل اس کے لیے دن رات چلنے والے جدید ترین کمپیوٹرز سے بھرے گودام درکار ہیں جس کے بدلے اس کام میں حصہ لینے والی کمپنیوں کو بٹ کوائن ملتے ہیں۔

بہت سے کاروباری ادارے قزاقستان گئے جہاں کوئلے کے وسیع ذخائر کی بدولت بجلی وافر مقدار میں موجود تھی۔پہلے تو حکومت نے سرمایہ لانے پر ان کا کھلے دل سے خیرمقدم کیا لیکن بہت سارے تاجروں کے آنے اور بجلی کے نظام پر دباؤ آنے کی وجہ سے ملک کو بلیک آؤٹ کا خطرہ لاحق ہو گیا۔

ایک سال کے اندر قزاقستان کی بٹ کوائن صنعت تیزی سے ختم ہوگئی کیونکہ حکومت نے اس کے فروغ کو روکنے کے لیے پابندیاں عائد کیں اور ٹیکسوں میں اضافہ کر دیا۔

ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں بٹ کوائن نیٹ ورک اتنی ہی بجلی استعمال کرتا ہے جتنی کہ کوئی ایک چھوٹا سا ملک۔

10 کروڑ ڈالر کے بٹ کوائن کوڑے کے ڈھیر میں

جیمز ہوویلز اپنے کرپٹو والٹ دوبارہ حاصل کرنے کے مشن پر ہیں جس کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ اس میں کم از کم 10 کروڑ ڈالر کی دولت ہے۔

جنوبی برطانیہ سے تعلق رکھنے والے اس شخص کا کہنا ہے کہ انھوں نے غلطی سے ایک ہارڈ ڈرائیو پھینک دی جس میں ان کے بٹ کوائن والٹ کے اُس ریکارڈ کی تفصیلات موجود تھیں جس میں آٹھ ہزار بٹ کوائنز موجود تھے۔

کرپٹو کی نوعیت ایسی ہے جس میں ان کوائنز کی بازیابی اس قدر آسان نہیں ہے جتنا پاس ورڈ بدل لینا ہے۔ اس میں کوئی بینک شامل نہیں ہے اور نہ ہی کوئی کسٹمر سپورٹ ہیلپ لائن ہے۔

اس پر بدقسمتی کہ نیو پورٹ میں مقامی کونسل نے انھیں اپنی ڈسک کی تلاش میں اس جگہ جانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا جہاں کوڑا اکٹھا کیا جاتا ہے۔ یہاں تک کہ انھوں نے پیشکش کی کہ اگر وہ انھیں اجازت دیں تو وہ اپنے بٹ کوائن کا 25 فیصد حصہ مقامی خیراتی اداروں کو عطیہ کر دیں گے۔

انھوں نے بی بی سی کو بتایاکہ ’یہ ایسا لمحہ تھا کہ ہاتھوں سے پیسہ نکل گیا، یہ ڈوبنے جیسا احساس تھا میں نے سوچا کہ ’یہ تم نے کیا کردیا۔ تم جانتے ہو کہ تم نے ماضی میں کبھی کسی ہارڈ ڈسک کو باہر نہیں پھینکا۔ اس بار کیوں؟‘

دھوکے باز ’کرپٹو کنگ‘Getty Imagesکرپٹو فرم ایف ٹی ایکس کے بانی کو ’کرپٹو کنگ‘ کا لقب دیا گیا تھا

کسی نے بھی اتنے بٹ کوائن نہیں کھوئے جتنے سابق ارب پتی کرپٹو موگل سیم بینکمین فریڈ نے کھوئے ہیں۔

کرپٹو فرم ایف ٹی ایکس کے بانی کو ’کرپٹو کنگ‘ کا لقب دیا گیا تھا اور انھیں کرپٹو کمیونٹی میں پیار سے بھی اسی نام سے پکارا جاتا۔

ایف ٹی ایکس ایک کرپٹو کرنسی ایکسچینج تھی جہاں سے لوگ بٹ کوائن جیسی کرپٹو کرنسیوں کے لیے عام رقم کی تجارت کر سکتے تھے۔ ان کے کاروبار کی مالیت ایک اندازے کے مطابق 32 ارب ڈالر تھی۔ پہلے تو انھوں نے خوب ترقی کی لیکن اچانک سب کچھ تباہ ہو گیا۔

صحافیوں کو پتا چلا تھا کہ بینکمین فریڈ کی کمپنی مالی طور پر کمزور تھی اور اپنی دوسری کمپنی المیڈا ریسرچ کو سہارا دینے کے لیے غیر قانونی طور پر ایف ٹی ایکس کے کسٹمر فنڈز منتقل کر رہی تھی۔

دسمبر 2022 میں باہاماس میں اپنے لگژری اپارٹمنٹ کمپلیکس میں گرفتاری سے قبل انھوں نے صحافیوں سے بات کی تھی۔

انھوں نے بی بی سی کو بتایا ’مجھے نہیں لگتا کہ میں نے دھوکہ دہی کی ہے۔ میں نہیں چاہتا تھا کہ ایسا کچھ ہو۔ میں یقینی طور پر اتنا قابل نہیں تھا جتنا میں نے سوچا تھا۔‘

امریکہ کے حوالے کیے جانے کے بعد انھیں دھوکہ دہی اور منی لانڈرنگ کا قصوروار پایا گیا اور انھیں 25 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

کرپٹو سرمایہ کاری میں اضافہGetty Images

تمامتر افراتفری کے باوجود بٹ کوائن سرمایہ کاروں اور بڑی کمپنیوں کی توجہ حاصل کرنا جاری رکھے ہوئے ہے۔

درحقیقت جنوری 2024 میں دنیا کی کچھ بڑی مالیاتی کمپنیوں نے بٹ کوائن کو سپاٹ بٹ کوائن ای ٹی ایف کے طور پر اپنے سرکاری اثاثوں کی فہرست میں شامل کیا۔

یہ سٹاک اور حصص کی طرح ہیں جو بٹ کوائن کی قیمت سے منسلک ہیں لیکن آپ کا ذاتی طور پر کسی بٹ کوائن کا مالک ہونا ضروری نہیں ہے۔

صارفین ان بالکل نئی مصنوعات میں اربوں ڈالرلگا رہے ہیں۔ بلیک راک، فیڈلٹی اور گرے سکیل سمیت کئی کمپنیاں بھی ہزاروں کی تعداد میں بٹ کوائن خرید رہی ہیں جس سے اس کی قیمت ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔

یہ کرپٹو کے لیے ایک بہت بڑا سنگ میل ہے جس میں کچھ مداحوں کا خیال ہے کہ بٹ کوائن کو آخر کار اتنی ہی سنجیدگی سے لیا جارہا ہے جتنا پراسرار ستوشی نے تصور کیا تھا۔

لیکن کچھ لوگ اس بارے میں زیادہ محتاط ہیں اور کہتے ہیں کہ اس کا راستہ مختلف ہے، وہاں بٹ کوائن کو روز مرہ کی زندگی کی ادائیگی کے لیے استعمال کرنے کے بجائے سونے کی طرح سرمایہ کاری کے طور پر رکھا جائے گا۔

بٹ کوائن کو قانونی کرنسی قرار دے دیا جائے تو آپ کو کیا فائدہ ہو سکتا ہے؟قزاقستان کی نوجوان خاتون جو بٹ کوائن مائننگ میں جانا مانا نام بن چکی ہیںکرپٹو کرنسی بِٹ کوائن: ’ہاوِنگ‘ کا عمل کیا ہے؟تین ارب ڈالر کے بٹ کوائن کی چوری کی کہانی، جو پوپ کورن کے ڈبے پر ختم ہوئیایک بٹ کوائن کی قیمت 69 ہزار ڈالر سے زیادہ: بٹ کوائن کیا ہے اور یہ ڈیجیٹل کرنسی کیسے کام کرتی ہے؟کرپٹو کرنسی کو ہر کوئی سمجھ سکتا ہے مگر اس کا استعمال ہر کسی کے بس کی بات نہیں!
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More