توشہ خانہ ٹو کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد

سچ ٹی وی  |  Dec 12, 2024

توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی، کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم عمران خان کے علاوہ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی بھی اڈیالہ جیل میں موجود تھیں۔

اسپیشل عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے فرد جرم پڑھ کرسنائی جس کے بعد توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 18 دسمبرتک ملتوی کردی گئی۔

کیس کی گزشتہ سماعت 5 دسمبر کو اڈیالہ جیل میں ہوئی ، سماعت کے دوران بشریٰ بی بی عدالت میں حاضر نہیں ہوئی تھیں جس پر عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے تھے۔

عدالت نے ملزمہ کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی تھی۔

اس سے قبل، عدالت نے توشہ خانہ 2 کیس میں بریت کی درخواستوں پر دلائل مکمل نہ ہونے کے سبب فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کئی بار موخر کرنے کی گئی۔

یاد رہے کہ توشہ خانہ ٹو کیس میں اکتوبر کے آخری ہفتے میں بشریٰ بی بی کو عدالت نے 10 لاکھ روپے کی ضمانت پر رہا کرنے کے احکام جاری کیے تھے، جس کے بعد ان کی رہائی کی روبکار جاری کی گئی تھی اور بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل سے نکل کر پشاور چلی گئی تھیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More