سانحہ 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سمیت 14 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔ عدالت میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت ہوئی جس میں وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور پیش ہوئے تو جج نے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے۔
اس کے علاوہ سماعت میں بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی، شبلی فراز سمیت دیگر درجنوں ملزمان بھی پیش ہوئے۔ عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سمیت 14 ملزمان پر فرد جرم عائد کی اور کیس کی مزید سماعت کو 21 دسمبر تک ملتوی کردیا۔
ملزمان نے عدالت میں صحت جرم سے انکار کیا۔ عدالت کی جانب سے شاہ محمود قریشی، شہریار آفریدی، کرنل شبیر اعوان، لطاسب ستی، عمر تنویر بٹ، شبلی فراز، کنوزل شوزب پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ تیمور مسعود، سعد علی خان، سکندر زیب، زوہیب آفریدی، فہد مسعود، راجہ ناصر محفوظ پر فرد جرم عائد کی۔ اب تک جی ایچ کیو حملہ کیس میں 113 ملزمان پر فرد جرم عائد ہوچکی ہے۔
وزیراعلی کے پی کے، شہریار آفریدی اور کنول شوزب نے 265 ڈی کی درخواستیں دائر کردی جن کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کل سماعت کیلیے مقرر کرلیا۔
وزیراعلی کے پی کے نے وکیل غلام حسنین سنبل کو 12 پلیڈر مقرر کردیا اور وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے پر جج کا شکریہ بھی ادا کیا۔
کیس کی سماعت کے بعد وزیراعلیٰ کے پی کے نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات بھی کی۔