پشاور: خیبر پختونخوا کے مشیر بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کرم کے حالات پر تماشہ دیکھنا بند کرے۔
خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت دور سے کُرم کے حالات کا تماشہ دیکھ رہی ہے۔ وہ کرم کے حالات کا تماشہ دیکھنا بند کرے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سیاسی بیان بازی کر رہی ہے۔ کُرم بھی پاکستان کا حصہ ہے وہ ایران یا افغانستان کا حصہ نہیں۔ جبکہ وفاق کو فرقہ واریت اور صوبائیت کو ہوا دینے میں دلچسپی ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ وزیر داخلہ صرف اسلام آباد کے نہیں پور ے ملک کے وزیر ہیں۔ اور ملک کے اندرونی معاملات کے ذمہ دار وزیر داخلہ ہوتے ہیں۔ لیکن وزیر داخلہ کو صرف پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کا ٹھیکہ ملا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ کو پاکستانی کمپنیوں پر پابندی کا کوئی اختیار نہیں، حافظ نعیم الرحمان
انہوں نے کہا کہ کُرم سرحدی علاقہ ہے۔ اور وزیر دفاع کی بھی کچھ ذمہ داریاں بنتی ہیں۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا ہیلی کاپٹر کُرم کے لیے بطور ایئر ایمبولینس استعمال ہو رہا ہے۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز کی جانب سے ائیر ایمبولینس کے دعوے ابھی تک حقیقت نہیں بنے۔