صدر مملکت سے وزیراعظم کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

سچ ٹی وی  |  Dec 23, 2024

صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ صدر اور وزیرِ اعظم نے ملکی ترقی کے لیے مل کر آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور قانونی امور پر تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔

صدر آصف زرداری سے وزیر اعظم شہباز شریف کی ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی جس میں وزیرخارجہ اسحٰق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر خيبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، راجا پرویز اشرف اور نوید قمر بھی شریک ہوئے۔

وزیرِ اعظم نے صدر آصف علی زرداری کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سیکورٹی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

ملاقات کے دوران صدر اور وزیر اعظم نے پارلیمنٹ میں قانون سازی کے امور پر بھی بات چیت کی، صدر مملکت نے وزیرِ اعظم کو ملکی ترقی اور استحکام کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات سے قبل ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ صدر اور وزیر اعظم کی ملاقات میں موجودہ ملکی صورتحال اور پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ میں پاؤ شیئرنگ پر بات چیت ہوگی۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کی کوآرڈینیشن کمیٹیوں کا اجلاس کل گورنر ہاؤس میں ہوگا جس میں گورنر پنجاب سلیم حیدر، راجا پرویز اشرف، مخدوم احمد محمود، ندیم افضل چن، حسن مرتضیٰ اور علی حیدر گیلانی پیپلزپارٹی کی نمائندگی کریں گے۔

ذرائع کے مطابق (ن) لیگ کی طرف سے نائب وزیر اعظم اسحٰق ڈار، اعظم نذیر تارڑ، رانا ثنااللہ، ملک احمد خان اور مریم اورنگزیب اجلاس میں شرکت کریں گی۔

اجلاس میں پنجاب میں پیپلزپارٹی کو مقامی سطح پر درپیش مسائل پر مشاورت کی جائے گی جبکہ پیپلز پارٹی کے پنجاب میں (ن) لیگ سے تحفظات پر بھی بات کی جائے گی۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے معاملات کے حل کے لیے پیپلزپارٹی اور حکومتی کمیٹیوں کی ملاقاتوں پر اتفاق کیا تھا۔

گزشتہ ماہ 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری میں اہم کردار ادا کرنے کے چند روز بعد پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے ہم آہنگی کے فقدان پر حکومت پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت، عدالتی کمیشن میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی مساوی نمائندگی کو یقینی نہ بنا کر اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹ گئی ہے، مسلم لیگ (ن) نے پیپلز پارٹی کی حمایت سے اپنی حکومت بنائی، جس کے پاس قومی اسمبلی میں ووٹوں کی تیسری سب سے بڑی تعداد ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More