راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان حامد رضا نے کہا ہے کہ اگر کل بانی پی ٹی آئی کو سزا ہوتی ہے تو ہمارے رویئے میں تلخی آئے گی۔
پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان حامد رضا نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کے 2 اراکین ملاقات کے لیے نہیں پہنچ سکے۔ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی تیسری میٹنگ کے لیے تیار ہیں۔ اور تیسری میٹنگ کے لیے کہہ دیں گے کہ جوڈیشل کمیشن کی تیاری کر کے آئیں۔ تیسری میٹنگ میں مطالبات تحریری طور پر دے دیں گے۔ اور اگر 31 جنوری تک جوڈیشل کمیشن نہیں بنتا تو مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔
حامد رضا نے کہا کہ مذاکرات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے بال حکومت کی کورٹ میں ہے۔ اگر کل بانی پی ٹی آئی کو سزا ہوتی ہے تو ہمارے رویئے میں تلخی آئے گی۔ اور مذاکرات میں صورتحال مزید ٹف ہو جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: راتوں کو معافیاں مانگتے اور صبح پریس کانفرنس کرتے ہیں، حنیف عباسی
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہماری عمران خان سے ملاقات کنٹرول ماحول میں کرائی گئی۔ اور ہمیں بانی پی ٹی آئی کی رہائی ایگزیکٹو آرڈ یا این آر او سے نہیں چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اعجاز چودھری کے پروڈکشن آرڈ ر جاری کیے جائیں۔ اور کمیٹی کے تمام اراکین کو بانی پی ٹی آئی نے مینڈیٹ دیا ہے۔ تو مذاکرات میں سب کچھ بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کی روشنی میں ہو گا۔