Getty Imagesبادشاہ میسوزولو اپنی پہلی اہلیہ ملکہ اینتوکوزو کے ساتھ
جنوبی افریقہ کے زولو بادشاہ میسوزولو کازولیتینی کی پہلی اہلیہ ملکہ اینتوکوزو اپنے شوہر کو تیسری شادی کرنے سے روکنے میں قانونی طور پر ناکام ہو گئی ہیں۔
بادشاہ میسوزولو کی تیسری شادی اگلے ہفتے متوقع ہے لیکن اس سے قبل اس شادی کو روکنے کے لیے ملکہ نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔
بہرحال عدالت کی جانب سے بادشاہ کے حق میں حکم دیے جانے کے باوجود ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آیا تیسری شادی اب بھی ابتدائی منصوبے کے مطابق ہی ہو گی یا نہیں۔
یہ شادی گذشتہ ہفتے ہونا تھی تاہم سنیچر کے روز جنوبی افریقہ کے میڈیا نے بادشاہ کی طرف سے جاری کردہ ایک خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تیسری شادی کی تقریب کو ’شاہی گھرانے کے کنٹرول سے باہر چند وجوہات کے باعث‘ منسوخ کر دیا گیا ہے۔
ایک وقت میں ایک سے زیادہ شادیوں کو جنوبی افریقہ میں قانونی طور پر تسلیم کیا جاتا ہے لیکن صرف اس صورت میں جب وہ مقامی حکام کے ساتھ روایتی شادیوں کے طور پر رجسٹر ہوں۔
یاد رہے کہ بادشاہ زولو پہلے ہی کرپشن اور بدعنوانیوں سے متعلق مسائل میں گھرے ہوئے ہیں۔ بادشاہ میسوزولو نے دو سال قبل جب سے اقتدار سنبھالا ہے تب سے انھیں مشکلات کا سامنا ہے۔
جنوبی افریقہ میں زولو بادشاہ کے پاس باضابطہ طور پر کوئی سیاسی طاقت نہیں ہوتی اور معاشرے اور حکومتی امور میں بادشاہ کا کردار بہت حد تک محض رسمی ہے۔ تاہم انھیں حکومت کی جانب سے ہر سال لاکھوں ڈالر کی سرکاری مالی اعانت ملتی ہے جس کی وجہ سے وہ بہت زیادہ بااثر ہیں۔
AFPبادشاہ میسوزولو
سنہ 2021 میں تخت نشین ہونے سے قبل بادشاہ میسوزولو نے اپنی پہلی اہلیہ سے شادی کی تھی۔
گذشتہ روز یعنی پیر کو ہائی کورٹ میں اپنی قانونی دلیل کے طور پر ملکہ نے اپنے وکیل کے ذریعے مؤقف اختیار کیا تھا کہ بادشاہ کسی اور سے شادی نہیں کر سکتے کیونکہ اُن کی پہلی شادی ابھی تک برقرار ہے۔
جنوبی افریقی قانون کے تحت اگر کوئی شہری دوسری شادی کرنا چاہتا ہے تو اسے اپنی پہلی شادی کو یا تو تحلیل کرنا پڑتا ہے یا پھر اسے روایتی شادی میں تبدیل کرنا ہوتا ہے اور ایسا کرنے کے بعد ہی وہ مزید شادیاں کر سکتا ہے۔
یہ واضح نہیں ہے اب ایسا کیوں ہوا کیونکہ جب بادشاہ نے سنہ 2022 میں ملکہ نوزیزوے مولیلا زولو سے دوسری شادی کی تھی تو اس شادی سے ان کی پہلی اہلیہ کو کوئی مسئلہ نہیں ہوا تھا اور نہ ہی انھوں نے اس کے خلاف کوئی شکایت کی تھی۔
جنوبی افریقہ کے ہفتہ روزہ اخبار ’سنڈے ورلڈ‘ کے مطابق دوسری شادی کے وقت ملکہ مائسیلا نے زولو شاہی گھرانے کے بزرگوں کو لکھے گئے اپنے خط میں اپنی شادی کو سول سے روایتی میں تبدیل کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی جس کے بعد دوسری شادی ممکن ہو پائی تھی۔
خواتین کو متعدد شادیوں کی اجازت کی تجویز پر جنوبی افریقہ تقسیم کیوں؟’میں ایک سے زیادہ شوہر اور پارٹنر رکھنے کے حق میں ہوں‘اوباما، کلونی اور گیٹس: ’ہم چاہتے ہیں کم عمری کی شادیوں کا رواج جلد ختم ہو جائے‘کزن سے شادی کرنے کے جینیاتی مسائل: حقیقت کیا ہے اور فسانہ کیا
ملکہ نے مبینہ طور پر کہا ہے کہ دونوں نے طلاق دینے اور دوبارہ شادی کرنے یا اپنی شادی کی قانونی حیثیت کو تبدیل کرنے کے لیے درخواست دینے کا اختیار دیا تھا لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر بعد میں بادشاہ میسوزولو نے ’اپنا ارادہ بدل لیا۔‘
نومزامو میینی نامی خاتون کے ساتھ بادشاہ کی تیسری شادی کو روکنے کے لیے پہلی اہلیہ کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے جج نے کہا کہ چونکہ ملکہ پہلے ہی اس خیال پر رضامندی ظاہر کر چکی تھیں کہ اُن کے شوہر دوسری عورتوں سے شادی کر سکتے ہیں، اس لیے وہ تیسری شادی کی تقریب کے انعقاد کو نہیں روک سکتیں۔
Getty Imagesزولو قبائل میں قانونی طور پر ایک سے زائد شادیوں کی مشروط اجازت ہے
جنوبی افریقی نیوز سائٹ ’ٹائمز لائو‘ کے مطابق تیسری دلہن نومزامو میینی نے کہا ہے کہ وہ اس خط کے بارے میں کچھ نہیں جانتیں اور جہاں تک وہ سمجھتی ہیں ان کی شادی ابتدائی منصوبے کے مطابق ہی ہو گی۔
آئی او ایل نامی ایک اور نیوز سائٹ کا کہنا ہے کہ انھوں نے دونوں یعنی بادشاہ اور مس میینی سے بات کی ہے اور بادشاہ کا اصرار ہے کہ وہ میینی سے محبت کرتے ہیں اور وہ ’ان سے زبردستی شادی کریں گے۔‘
اکتوبر 2022 میں اُن کی تاجپوشی کے بعد سے بادشاہ میسوزولو قدرے متنازع رہے ہیں۔
دسمبر میں انھوں نے انگونیاما ٹرسٹ کے بورڈ کو غیر قانونی طور پر معطل کر دیا تھا۔ یہ بورڈ کوازولو نیٹال میں اس قبیلے کی اراضی کے وسیع رقبے کی ملکیت رکھتا ہے اور اسے کنٹرول کرتا ہے اور اس اراضی کو علاقے میں بادشاہ کی قیادت میں قبائل کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
بادشاہ میسوزولو ٹرسٹ کے واحد ٹرسٹی اور چیئرپرسن ہیں لیکن وہ بورڈ کے ارکان کی خدمات حاصل کرنے یا برطرف کرنے کے مجاز نہیں ہیں۔
انھوں نے حال ہی میں اپنے روایتی وزیر اعظم سمیت دو قریبی ساتھیوں کو بھی یکے بعد دیگرے برطرف کر دیا تھا جس کی وجہ سے شاہی نگہبانوں کی تیوریوں پر بل پڑ گئے تھے۔
بادشاہ کے طور پر میسوزولو کے عہدے پر بھی کچھ لوگوں کی طرف سے سوال اٹھائے جا رہے ہیں اور فی الحال ایک قانونی مقدمہ چل رہا ہے جس میں ریاست کی طرف سے بادشاہ کے طور پر ان کی شناخت کو چیلنج کیا جا رہا ہے۔
وہ اپنے والد کنگ گڈ ول زویلیتھینی کے مارچ 2021 میں مرنے کے بعد توقع سے کہیں جلد تخت نشین ہو گئے تھے۔
میسوزولو کے والد زویلتھینی زولو قبائل کے سب سے طویل عرصہ تک حکومت کرنے والا بادشاہ رہے ہیں اور وہ تقریباً 50 سال تک تخت نشین رہے۔
کزن سے شادی کرنے کے جینیاتی مسائل: حقیقت کیا ہے اور فسانہ کیا’میرے شوہر مجھے افورڈ ہی نہیں کر سکتے‘خواتین کو متعدد شادیوں کی اجازت کی تجویز پر جنوبی افریقہ تقسیم کیوں؟’میں ایک سے زیادہ شوہر اور پارٹنر رکھنے کے حق میں ہوں‘’میرے شوہر کو دوسری شادی سے روکیں‘، اسلام میں بیک وقت کئی بیویاں رکھنے کی اجازت پر انڈیا میں بحثغیر شادی شدہ لوگ شادی شدہ کے مقابلے میں زیادہ خوش کیوں رہتے ہیں؟