ترکیہ کے ہوٹل میں آگ بھڑک اُٹھی، 10 ہلاک

سچ ٹی وی  |  Jan 21, 2025

ترکیہ کے شمال مغربی حصے میں ایک سیاحتی مقام پر ایک کثیر منزلہ ہوٹل میں آتشزدگی کے باعث 10 افراد لقمہ اجل بن گئے، ملکی وزیر داخلہ کی طرف سے ہلاکتوں کی تصدیق کردی گئی ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ترک وزیر داخلہ علی یرلیکایا کا ایکس پر کہنا تھا کہ ترکیہ کے شمال مغربی صوبے بولُو میں آتشزدگی کے باعث 32 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ آگ کرتالکایا نامی شہر کے ایک ہوٹل میں گزشتہ شب لگی، تاہم اس حوالے سے مزید معلومات حاصل نہیں ہوسکیں کہ آتشزدگی کا واقعہ کیسے رونما ہوا، مزید یہ کہ آتشزدگی کی اطلاع ملنے کے بعد آگ بجھانے والی درجنوں گاڑیاں اور ایمبولینس موقع پر پہنچ گئیں۔ کرتالکایا مقامی سیاحوں کے لیے ایک معروف اسکیئنگ مقام ہے۔

مقامی میڈیا اور سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آگ کے شعلے اس ہوٹل کی اوپری منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لیے ہوئے ہیں۔

ریسکیو حکام آج منگل کی صبح تک اس آگ کو بجھانے کی کوششوں میں مصروف تھے۔

ترک میڈیا کے مطابق لکڑی کے بنے فرش کے باعث آگ ہوٹل میں تیزی سے پھیل گئی، سامنے آنے والی ویڈیوز میں ہوٹل میں موجود افراد کو انتہائی پریشانی کے عالم میں بستر کی چادروں کو آپس میں باندھ کر ان کے ذریعے ہوٹل سے باہر نکلنے کی کوشش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ایک عینی کا کہنا تھا کہ جس وقت یہ آگ لگی تھی میں وہاں موجود تھا، آگ نے بہت جلد ہوٹل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، لوگ کھڑکیوں سے باہر کود رہے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہوٹل میں 234 افراد کی گنجائش تھی اور جس وقت آگ لگی ہوٹل مکمل بھرا ہوا تھا، کیونکہ لوگ اسکولوں کی چھٹیاں منانے پہنچے ہوئے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More