عابدہ پروین صحت سے متعلق اہم خبر، مداحوں کی پریشانی میں اضافہ

سچ ٹی وی  |  Jan 26, 2025

صوفی گائیکی کی لیجنڈری گلوکارہ عابدہ پروین کی ٹیم نے وضاحت کی ہے کہ گلوکارہ کی صحت سے متعلق پھیلنے والی چہ مگوئیاں درست نہیں، وہ روبہ صحت ہیں۔

عابدہ پروین کے آفیشنل انسٹاگرام کی اسٹوری میں گلوکارہ کی صحت سے متعلق وضاحت کی گئی۔

عابدہ پروین کو حال ہی میں قطر کے نیشنل میوزیم میں ہونے والے فیشن اور موسیقی کے شو میں ویل چیئر پر دیکھا گیا تھا۔

عابدہ پروین مذکورہ شو میں ویل چیئر پر بیٹھ کر بھی صوفیانہ کلام گاتی دکھائی دی تھیں جب کہ اداکارہ مایا علی نے بھی ان سے ملاقات کی تھی اور اس وقت بھی صوفی گلوکارہ ویل چیئر پر تھیں۔

عابدہ پروین کے ویل چیئر پر ہونے کی وجہ سے مداح تشویش میں مبتلا ہوگئے اور ان کی خرابی صحت سے متعلق چہ مگوئیاں کرنے لگے۔

تاہم اب گلوکارہ کی ٹیم نے واضح کیا ہے کہ عابدہ پروین روبہ صحت ہیں، ان کے حوالے سے کی گئی قیاس آرائیوں میں کوئی سچائی نہیں، مداحوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

عابدہ پروین کی ٹیم نے مداحوں کو کہا کہ ان کی پریشانی درست نہیں، صوفی گلوکارہ بالکل ٹھیک ہیں، وہ کسی بیماری کی وجہ سے ویل چیئر پر نہیں تھیں۔

ٹیم کا کہنا تھا کہ نیشنل میوزیم قطر میں طویل راستے کی وجہ سے عابدہ پروین نے ویل چیئر کی سہولت استعمال کرنے کا فیصلہ لیا، ان کی صحت کے حوالے سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل عابدہ پروین مختلف اوقات میں امراض قلب سمیت دیگر پیچیدگیوں کا شکار رہ چکی ہیں، سال 2010 میں انہیں لاہور میں پرفارمنس کے دوران دل کا دورہ پڑا تھا۔

عابدہ پروین دل کا دورہ پڑنے کے بعد بھی امراض قلب سمیت دیگر پیچیدگیوں کا شکار رہیں اور وقتا بوقتا صوفی گائیکی سے کچھ وقت کے لیے دور بھی رہتی رہی ہیں، تاہم ان کا وقفہ زیادہ طویل نہیں ہوتا۔

عابدہ پروین کے نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت اور مشرقی ممالک سمیت دنیا بھر میں مداح موجود ہیں، انہیں صوفی گائیکی کی ملکہ بھی کہا جاتا ہے، ان کے کلاموں پر یورپی، امریکی، عرب اور دوسرے ممالک کے لوگ بھی جھومتے دکھائی دیتے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More