پاکستان نیوی کی میزبانی میں نویں امن مشقوں کا باقاعدہ آغاز کراچی میں ہوا جن میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت 60 سے زائد ممالک شریک ہیں۔ ان مشقوں کا مقصد عالمی بحری تعاون کو فروغ دینا اور سمندری سلامتی کو درپیش چیلنجز کا مؤثر حل تلاش کرنا ہے۔
تقریب کے موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کا استقبالیہ پیغام سنایا گیا۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان کے قومی ترانے کی دھن کے ساتھ تمام شریک ممالک کے پرچم فضا میں بلند کیے گئے۔ ان کے درمیان میزبان ملک پاکستان کا سبز ہلالی پرچم نمایاں تھا جو عالمی اتحاد اور امن کے عزم کی علامت تھا۔
سعودی فوجی اتاشی کا ویڈیو پیغام
اس سے قبل اسلام آباد میں تعینات سعودی فوجی اتاشی بریگیڈیئر (سٹاف) بندر حمد ایس الحقبانی نے اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستان میں شروع ہونے والی مشقوں کو مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ امن مشق ایک اہم کثیرالملکی کاوش ہے جو سمندری تعاون کو فروغ دینے اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے میں مدد دے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’رائل سعودی نیوی کو اس مشق میں شرکت پر فخر ہے جو ہماری سمندری سکیورٹی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ ہمیں اس کے مقاصد کے حصول اور تمام شرکا کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کرنے کی امید ہے۔‘
کمانڈر پاکستان فلیٹ کا خطاب
کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل عبدالمنیب نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’آج کا دن پاکستان اور پاکستان نیوی کے لیے تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ نویں امن مشقوں میں اب تک کی سب سے زیادہ 60 ممالک کی شرکت ایک بڑی کامیابی ہے اور یہ پاکستان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ اس بار امن مشقوں میں امن ڈائیلاگ کا بھی آغاز کیا گیا ہے جو ان مشقوں کو مزید منفرد بناتا ہے۔
امن ڈائیلاگ اس لحاظ سے خاص ہے کہ اس میں دنیا بھر کی بحری افواج اور کوسٹ گارڈز کے سربراہان شریک ہو رہے ہیں۔ اس ڈائیلاگ میں میری ٹائم سکیورٹی کو درپیش مسائل اور چیلنجز پر تفصیلی گفتگو ہو گی جو سمندری تجارتی راستوں کو مزید محفوظ اور موثر بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔
پاکستان نیوی کے مطابق ان مشقوں کا بنیادی مقصد ’امن سب کے لیے‘ کے اصول پر کاربند رہتے ہوئے عالمی بحری تعاون کو فروغ دینا ہے۔
امن مشقیں مختلف آپریشنل مراحل پر مشتمل ہوں گی جن میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز، میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز اور بحری انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی مشقیں شامل ہیں۔
پاکستان نیوی کے مطابق یہ بین الاقوامی ایونٹ علاقائی اور عالمی بحری سکیورٹی کے استحکام میں ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔
امن مشقوں کی تاریخ
پاک بحریہ کے زیرِ اہتمام نویں کثیرالقومی بحری مشق 7 سے 11 فروری تک کراچی میں جاری رہے گی۔ اس مشق میں شامل زیادہ ممالک اپنے بحری اور فضائی جہازوں سپیشل آپریشن فورسز، میرینز کی ٹیموں اور اعلیٰ سطحی وفود کے ساتھ شرکت کر رہے ہیں۔
یہ مشق پہلی بار 2007 میں منعقد ہوئی تھی اور ہر دو سال بعد اس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اس میں مختلف ممالک کی بحری افواج کے بحری جہاز، ایئرکرافٹس، سپیشل آپریشن فورسز، دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنانے والی ٹیمیں اور مبصرین شرکت کرتے ہیں۔
پاکستان کے لیے ایک منفرد اعزاز
پاکستان بحریہ کی امن مشقوں کا مقصد خطے میں بحری استحکام، مشترکہ کارروائیوں کی صلاحیت میں اضافہ، آپریشنل تیاری اور پاکستان کے مثبت تصور کو اجاگر کرنا ہے۔
دنیا کے ہر خطے سے بہترین بحری افواج کو ایک جگہ اکٹھا ہونا، یقیناً پاکستان اور پاک بحریہ کے لیے بڑا اعزاز ہے۔
بحری امن مشق کا مقصد ممالک کے مابین ہم آہنگی اور امن کا فروغ ہے۔ اس مشق کا موٹو ’امن کے لیے متحد‘ اس کے حقیقی تصور کو بیان کرتا ہے۔