لیبیا کشتی حادثہ: وزارت خارجہ نے 16 پاکستانیوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی

اردو نیوز  |  Feb 11, 2025

پاکستان کی وزارت خارجہ نے لیبیا کشتی حادثے میں 63 پاکستانیوں میں سے 16 کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی ہے، جبکہ 10 پاکستانی ابھی لاپتا ہیں۔

منگل کو ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ایک بیان میں کہا کہ لیبیا کے ساحل پر کشتی الٹنے کی خبر کے بعد طرابلس میں پاکستانی سفارتخانے کی ایک ٹیم نے زاویہ شہر کا دورہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’پاکستانی سفارتخانے کی ٹیم نے مقامی حکام اور زاویہ ہسپتال سے ملاقات کے بعد جو معلومات اکٹھی کیں ان کے مطابق غیر مصدقہ اطلاعات ہیں کہ کشتی میں 63 پاکستانی سوار تھے، اور اب تک 16 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔‘

مزید کہا گیا کہ ان لاشوں کی پاکستانی شہریت کی بنیاد پر شناخت کی گئی ہے.

ترجمان نے کہا کہ ’37 افراد زندہ بچ گئے ہیں جن میں ایک ہسپتال میں ہے، بقیہ 33 افراد پولیس کی تحویل میں ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس حادثے میں 10 کے قریب پاکستانی ابھی لاپتا ہیں۔‘

شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ زندہ بچ جانے والوں میں سے تین پاکستانی طرابلس میں ہیں۔ پاکستانی سفارت خانہ ان کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔

طرابلس میں سفارت خانہ مزید معلومات اکٹھا کرنے اور مقامی حکام سے رابطہ برقرار رکھنے کے عمل میں ہے۔

وزارت خارجہ نے ہلاک ہونے والے پاکستانیوں کی فہرست جاری کی ہے جس کے مطابق 13 افراد کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع کرم سے ہے جن میں ثقلین حیدر، شعیب حسین، نصرت حسین، شعیب علی، سید شہزاد حسین، عابد حسین، آصف علی، مصور حسین، اسور حسین، عابد حسین، مصعب حسین، اشفاق حسین اور شاہد حسین شامل ہیں۔

ان کے علاوہ ایک شخص کا تعلق اورکزئی، ایک پشاور اور ایک کا باجوڑ سے ہے جن کے نام بالترتیب محمد علی شاہ، انیس خان اور سراج الدین ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More