پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت سے متعلق ہو شربا انکشافات

سچ ٹی وی  |  Feb 12, 2025

جنوری میں کاروں، پک اپس، وینز اور لائٹ کمرشل گاڑیوں (ایل سی وی) کی فروخت سال بہ سال 61 فیصد اور ماہ بہ ماہ 73 فیصد اضافے کے ساتھ 17 ہزار 10 یونٹس رہی جبکہ ٹریکٹرز کی طلب میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

اس اضافے کے ساتھ مذکورہ شعبے میں فروخت مالی سال 2025 کے 7 ماہ میں 55 فیصد اضافے کے ساتھ 77 ہزار 686 یونٹس رہی جو گزشتہ مالی سال جولائی تا جنوری 49 ہزار 989 یونٹس تھی۔

رواں مالی سال کے 7 ماہ میں ٹرکوں کی فروخت 967 یونٹس سے بڑھ کر 2054 ہوگئی جبکہ بسوں کی فروخت مالی سال 24 کے 7 ماہ میں 237 یونٹس سے بڑھ کر 365 ہوگئی۔

رواں مالی سال کے 7 ماہ میں دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کی مجموعی فروخت 6 لاکھ 46 ہزار 440 یونٹس سے بڑھ کر 8 لاکھ 35 ہزار 616 یونٹس ہو گئی۔ مذکورہ مدت میں ٹریکٹر کی فروخت 27 ہزار 431 یونٹس سے گھٹ کر 20،158 یونٹس ہوگئی۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کی میشا سہیل نے کہا کہ گاڑیوں کی فروخت میں ماہ بہ ماہ اضافے کی بنیادی وجہ لو بیس افیکٹ ہے کیونکہ دسمبر میں حجم عام طور پر کم ہوتا ہے کیونکہ خریدار نے نئے سال کی رجسٹریشن کے لیے خریداری میں تاخیر کرتے ہیں۔

سازگار انجینئرنگ لمیٹڈ (ایس ای ڈبلیو ایل) کی فروخت کے اعداد و شمار ، جو دسمبر 2024 میں جاری نہیں کیے گئے تھے ، جنوری میں اضافہ ظاہر کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر کاروں کی فروخت میں سال بہ سال اضافے کی وجہ شرح سود میں کمی، صارفین کے اعتماد میں بہتری اور نئے ورژن اور ماڈلز متعارف کروانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شرح سود میں کمی اور مارکیٹ میں نئے ویرینٹس کی آمد اور آٹو فنانسنگ میں بحالی کی وجہ سے آٹو سیلز میں اضافہ جاری رہ سکتا ہے۔

الیکٹرک وہیکل کیٹیگری میں دیوان ہونری وی کی فروخت میں کمی کا رجحان برقرار ہے۔ نومبر میں اس کی فروخت 73 یونٹس تھی جو دسمبر میں کم ہو کر 41 یونٹس اور جنوری میں 15 یونٹس رہ گئی۔

الیکٹرک ٹیکسیز

وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سید قاسم نوید قمر نے پیر کو دیوان گروپ آف انڈسٹریز کے چیئرمین دیوان محمد یوسف فاروقی سے ملاقات کی۔

دیوان گروپ کے سربراہ نے معاون خصوصی کو بتایا کہ ان کا ادارہ سندھ میں ڈھائی ارب روپے کی لاگت سے 500 الیکٹرک ٹیکسیاں متعارف کرانے پر کام کر رہا ہے، نوید قمر نے کہا کہ دیوان گروپ کے تحت الیکٹرک گاڑیاں اور ٹیکسیاں بنانے سے صوبے میں ٹیکنالوجی کو فروغ ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

سی بی یوز کی آمد

کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے مکمل طور پر تیار شدہ (سی بی یو) بی وائی ڈی الیکٹرک گاڑیوں کی درآمدات کو کامیابی سے سنبھال لیا ہے۔ گاڑیاں کے پی ٹی کے نجی ٹرمینل کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پہنچ چکی ہیں۔

بی وائی ڈی کی پریس ریلیز کے مطابق یہ پاکستان میں بی وائی ڈی الیکٹرک گاڑیوں کی پہلی کمرشل شپمنٹ کی آمد ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More