واٹس ایپ نے صارفین کے اکاؤنٹس میں دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو شامل کرنے کے ایک نئے فیچر کی آزمائش شروع کر دی ہے۔اس وقت انتظامیہ کی طرف سے صرف بزنس صارفین کو اپنی ویب سائٹ یا دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس جوڑنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ عام صارفین کو پہلے یہ سہولت فراہم نہیں گئی۔
تاہم اب واٹس ایپ نے عام صارفین کے لیے بھی اس فیچر کو متعارف کرانے پر کام شروع کر دیا ہے اور اس کی آزمائش جاری ہے۔ایک معروف ویب سائٹ جو اپڈیٹس پر نظر رکھتی ہے کے مطابق ایپلیکیشن میں دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے لنکس شامل کرنے کے فیچر کی آزمائش فی الحال چند مخصوص صارفین کے لیے کی جا رہی ہے لیکن امکان ہے کہ جلد ہی یہ فیچر مزید واٹس ایپ صارفین کے لیے میسر ہو گا۔
اس نئے فیچر کے ذریعے واٹس ایپ کا ہر عام صارف اپنے پروفائل میں مختلف سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے لنکس شامل کر سکے گا بالکل اسی طرح جیسے فیس بک پر انسٹاگرام، ایکس اور دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو لنک کیا جا سکتا ہے۔آزمائشی مرحلے میں ابھی صرف انسٹاگرام اکاؤنٹ کا لنک شامل کرنے کی اجازت دی گئی ہے لیکن امید ہے کہ فیچر کے مکمل اجرا کے بعد ایکس ، فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے لنکس شامل کرنے کا آپشن بھی فراہم کیا جائے گا۔