کینیڈی کو بچانے کی کوشش کرنے والا خفیہ ایجنٹ 93 برس کی عمر میں چل بسا

اردو نیوز  |  Feb 25, 2025

امریکی صدر جان ایف کینیڈی پر فائرنگ کے وقت چھلانگ لگا کر بچانے کی کوشش کرنے والا سیکرٹ سروس کا ایجنٹ انتقال کر گیا۔

 فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 93 سالہ کلنٹ ہنٹ نے صدر کی لیموزین کی طرف چھلانگ لگا دی تھی، جب وہ اپنی اہلیہ جیکولین کینیڈی کے ہمراہ ایک کھلی گاڑی میں جا رہے تھے اور اس پر فائرنگ ہوئی تھی۔

سیکرٹ سروس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ان کا انتقال کیلیفورنیا میں ان کے گھر پر ہوا۔

بیان میں ڈیوٹی کے دوران کلنٹ ہنٹ کے ’غیرمتزلزل جذبے‘ کو بھی سراہا گیا ہے، اور بتایا گیا ہے کہ انہوں نے جان ایف کینیڈی فیملی علاوہ چار دیگر صدور کے دور میں بھی خدمات انجام دیں۔

کلنٹ ہنٹ 22 نومبر 1963 کو اس حملے کے وقت بھی ڈیوٹی پر تھے جب جان ایف کینیڈی ایک کھلی گاڑی میں سفر کر رہے تھے اور ان پر فائرنگ ہوئی، جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہو گئے تھے۔

اس وقت وہ دلاس میں خاتون اول جیکولین کینیڈی کے حفاظتی دستے کا حصہ تھے۔

​کلنٹ ہنٹ صدر کی گاڑی کے پیچھے آنے والی گاڑی میں سوار تھے اور فائرنگ کی آواز آتے ہی انہوں نے جان ایف کینیڈی کی گاڑی پر چھلانگ لگائی اور پچھلی حصے پر چڑھ گئے اور امریکی صدر اور خاتون اول کے لیے ڈھال بننے کی کوشش کی۔

جان ایف کینیڈی کو 1963 میں قتل کر دیا گیا تھا (فوٹو: روئٹرز)

واقعے کے بعد کلنٹ ہنٹ نے سی بی ایس کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا تھا کہ ’اگر میں نے مزید تیزی کا مظاہرہ کیا ہوتا تو میں اس وقت قبر میں ہوتا۔‘

غمزدہ کر دینے والے اس واقعے کی ایک تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے جس میں وہ صدر کی گاڑی کے پچھلے حصے پر چڑھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے نہ صرف جان ایف کینیڈی اور جیکولین کینیڈی کو بچانے کی کوشش کی بلکہ جب صدر کو ہسپتال لے جایا جا رہا تھا اس وقت بھی مسلسل دونوں کے لیے ڈھال بنے رہے، بعدازاں ہسپتال میں صدر کو مردہ قرار دے دیا گیا تھا۔

کلنٹ ہنٹ نے 43 برس کی عمر میں سیکرٹ سروس سے ریٹائرمنٹ لی اور کئی کتابیں لکھیں جن میں ’فائیو ڈیز ان نومبر‘ بھی شامل تھی جو جان ایف کینیڈی کے قتل سے متعلق تھی۔

کلنٹ ہنٹ نے اس وقت صدر کی گاڑی پر چھلانگ لگا دی تھی جب فائرنگ ہوئی (فوٹو: سٹاک)

انہوں نے اس کو ایک ایسا موقع قرار دیا جو ان کے دل و دماغ پر چھا گیا۔

ان کے مطابق پلک جھپکتے ہی سب کچھ بدل گیا اور یہی وہ وقت تھا جس نے میری زندگی کی راہ متعین کی۔‘

ایک اور کتاب ’فائیو پریذیڈنٹس‘ میں انہوں نے سکرٹ سروس کے دور کو یاد کرتے ہوئے اپنی ڈیوٹی کے بارے لکھا ہے جو انہوں نے صدر ڈیوائٹ ایسنہوور، جان ایف کینیڈی، لائنڈن جانسن، رچرڈ نکسن اور گیرالڈ فورڈ کی حفاظت کے دوران انجام دیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More