عمرہ زائرین کیلئے اہم ہدایت جاری

سچ ٹی وی  |  Feb 25, 2025

سعودی عرب میں وزارت صحت نے رمضان المبارک کے دوران عمرہ ادا کرنے کے خواہشمند زائرین کے لئے گردن توڑ بخار ویکسین لگوانے کی سخت تاکید کی ہے۔

سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت صحت کا کہنا تھا کہ ’یہ اقدام صحت عامہ کے تحفظ کو یقینی بنانے اور متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کی کوششوں کے تحت کیا جا رہا ہے‘۔

وزارت صحت کے مطابق عمرہ کے لیے روانگی سے کم از کم دس دن پہلے گردن توڑ بخار ویکسین ضروری لگوائیں تاکہ مطلوبہ مدافعت حاصل کی جا سکے۔

وزارت صحت کی جانب سے یہ بھی وضاحت کی گئی کہ وہ افراد جو گزشتہ پانچ سالوں کے دوران یہ ویکسین لے چکے ہیں انہیں دوبارہ ویکسین لگوانے کی ضرورت نہیں کیونکہ اس کی تاثیرکی مدت برقرار ہے۔

گردن توڑ بخار سانس کے ذریعے خارج ہونے والے ذرات، جیسے کھانسی یا چھینک کے ذریعے پھیلتی ہے جس کے پیش نظر ضروری احتیاطی تدابیر ضرور اپنائیں۔

دوسری جانب زائرین حج وعمرہ کے لیے بڑی خوشخبری ہے کہ سعودی عرب نے انہیں مزید سہولتوں کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں ڈیجیٹل سروسز ایپ ’نسک‘ میں مزید خدمات کا اضافہ کیا گیا ہے تاکہ زائرین کو ایک ہی مقام پر متعدد سہولتوں حاصل ہوں۔

نسک ایپ اب دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں استعمال کی جا سکتی ہے اور 10 زبانوں میں اس ایپ کی سروسز سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔

ایپ میں جن نئی سہولیات کا اضافہ کیا گیا ہے ان میں ’نسک تسبیح، حصن المسلم، دعائیں اور اذکار، حرمین سے تلاوت، آگاہی کارڈز، مثالی تاریخی مقامات کی معلومات اور مختلف اہم مقامات کے نقشوں کے علاوہ پروموشنز اور پروگرامز کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔

واضح رہے نسک ایپ کو 25 سرکاری اداروں سے لنک کیا گیا ہے جبکہ جدید ترین ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے ایپ کو آپریٹ کیا جاتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More