روہت شرما کی ’باڈی شیمنگ‘، انڈین کرکٹ بورڈ اور سابق کھلاڑی دفاع میں سامنے آگئے

اردو نیوز  |  Mar 04, 2025

انڈین نیشنل کانگریس کی ترجمان کی جانب سے انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کو ’موٹا‘ کہنے پر شروع ہونے والے تنازع میں سابق کھلاڑی بھی کود پڑے ہیں۔

 38 سالہ روہت شرما آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں انڈین  ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔  گذشتہ روز گروپ مرحلے کے آخری میچ کے دوران کانگریس پارٹی کی ترجمان نے روہت شرما کو ’موٹا‘ کہہ دیا تھا جس پر ایک تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق انڈیا کے سابق فاسٹ بولر ونکٹیش پرساد نے بھی کانگریس ترجمان شمع محمد کے کمنٹ پر سخت تنقید کی ہے اور انہیں ’غیر ضروری‘ اور ’افسوسناک‘ قرار دے دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’رویت شرما نے بطور کپتان بہت زیادہ وقار کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے آٹھ ماہ پہلے ہمیں ٹی 20 ورلڈ کپ جتوایا اور اب چیمپئنر ٹرافی کے اہم مرحلے میں ٹیم کو لے گئے ہیں، اور اس دوران ان کی باڈی شیمنگ نہایت غیر ضروری اور بہت ہی افسوسناک ہے۔‘

ڈاکٹر شمع محمد نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا تھا ’روہت شرما بطور کھلاڑی فٹ نہیں ہیں، انہیں اپنا وزن کم کرنے کی ضرورت ہے، اور یقینا وہ انڈیا کے اب تک کے سب سے غیر متاثر کن کپتان ثابت ہوئے ہیں۔‘

تاہم بعد میں کانگریس کی جانب سے اس معاملے پر وضاحت کی گئی کہ یہ پوسٹ پارٹی پالیسی کے موقف کی عکاسی نہیں کرتی ہے اور شمع محمد کو یہ پوسٹ ڈیلیٹ کرنے کا کہہ دیا گیا ہے۔

دوسری جانب حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ساتھ ساتھ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی جانب سے روہت شرما کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس طرح کے بیانات سے ٹیم پر منفی اثر پڑسکتا ہے۔

بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوجیت سیکیا روئٹرز  سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ اس طرح کے توہین آمیز ریمارکس ایسے وقت میں دیے جارہے ہیں جب ہماری ٹیم ایک عالمی ٹورنامنٹ کے اہم مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔

خیال رہے کہ دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے آخری گروپ میچ میں انڈیا نے نیوزی لینڈ کو 44 رنز شکست دے کر گروپ مرحلے میں ناقابل شکست رہا اور اب انڈین ٹیم 4 مارچ کو آسٹریلیا سے پہلا سیمی فائنل کھیلے گی۔

کانگریس کی ترجمان شمع محمد نے اپنے بیان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ میرا مقصد کسی کی باڈی شیمنگ کرنا نہیں تھا بلکہ یہ ایک کھلاڑی کی فٹنس سے متعلق ایک تبصرہ تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میچ کے دوران میں نے محسوس کیا کہ روہت کا وزن زیادہ ہے اور اس بارے میں پوسٹ کردی، تاہم مجھ پر بلاوجہ تنقید کی گئی اور ہر طرف سے حملہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ روہت شرما نے گزشتہ سال انڈیا کو ورلڈکپ جتوانے کے بعد ٹی20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More