امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں ایک مبینہ چور نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پانچ لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کی چوری شدہ بالیاں نِگل لیں۔
پولیس نے جیتھن گلڈر نامی 32 سالہ ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور اُن پر الزام ہے کہ انھوں نے فلوریڈا میں واقع جیولری سٹور ’ٹفنی اینڈ کو‘ کے ملازمین سے یہ جھوٹ بولا تھا کہ وہ ’ایک معروف کھلاڑی‘ کے نمائندہ ہیں۔
انھوں نے ملازمین کو بتایا کہ معروف کھلاڑی اُن کے سٹور سے خریداری کرنا چاہتی ہیں جس کے بعد سٹور کے ملازمین نے انھیں ’متعدد بیش قیمت زیورات‘ دکھائے۔
یاد رہے کہ ’ٹفی اینڈ کو‘ بیش قیمت سونے اور ہیروں کے زیورات فروخت کرنے کے لیے جانا جاتا ہے۔
جب سٹور کے ملازمین بیش قیمت زیورات دیکھا رہے تھے تو ملزم نے تقریباً پانچ لاکھ ڈالر سے زائد مالیت (لگ بھگ 14 کروڑ پاکستانی روپے) کی کانوں میں پہننے والی بالیاں اُچکی اور فرار ہو گیا۔
پولیس نے بتایا کہ جب افسران نے ملزم کو پکڑا تو اُنھوں نے دیکھا کہ ملزم ’کوئی چیز نگل رہا ہے‘ جس کے بارے میں پولیس کو شبہ تھا کہ وہ چوری شدہ بالیاں ہی ہیں۔
سٹور انتظامیہ کے مطابق ملزم نے مجموعی طور پر 769,500 ڈالر مالیت کی بالیوں کے دو جوڑے اور اس کے ساتھ ہی ایک ہیرے کی انگوٹھی بھی چرانے کی کوشش کی تھی تاہم سٹور سے فرار کی کوشش کے دوران بالیوں کا ایک جوڑا اور ہیرے کی انگھوٹھی گِر گئی۔
ملزم کی گرفتاری کے بعد پولیس نے کسی شخص کے پیٹ کے ایکسرے کی ایک رپورٹ بھی جاری کی ہے جس میں پیٹ کے اندر کوئی چیز نظر آ رہی ہے۔
بی بی سی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں پولیس نے ابھی تک یہ نہیں بتایا کہ آیا ملزم کے پیٹ سے بالیاں برآمد کروا لی گئی ہیں یا نہیں۔
پولیس نے یہ بھی کہا کہ یہی ملزم سنہ 2022 میں ’ٹفنی اینڈ‘ کو کے ریاست ٹیکساس میں واقع ایک سٹور کو بھی لوٹ چکے ہیں جبکہ اس کے علاوہ ماضی میں قریبی ریاست کولوراڈو میں بھی اس ملزم کی گرفتاری کے 48 الگ الگ وارنٹ جاری ہو چکے ہیں۔
پولیس نے ملزم پر ڈکیتی اور بڑی چوری کا الزام عائد کیا ہے۔ یاد رہے کہ عدالت میں جرم ثابت ہونے تک انھیں بے قصور سمجھا جائے گا۔
انڈین اداکارہ دبئی سے سونا سمگل کرنے کے الزام میں گرفتار: ’سونے کے بسکٹس کو جسم میں چھپایا گیا‘1.7 ارب روپے مالیت کے 98 کلوگرام وزنی سونے کے ٹوائلٹ کی چوری: ’چور فقط پانچ منٹ میں ٹوائلٹ لے اڑے‘نیلے ہیرے کی چوری: سعودی عرب اور تھائی لینڈ کے سفارتی تعلقات تین دہائیوں بعد بحال6 ملین ڈالر، 12 لاشیں اور دہائیوں پر محیط تحقیقات: امریکی تاریخ کی وہ ڈکیتی جس میں ملوث ہر ملزم یا تو قتل ہوا یا لاپتالندن میں کروڑوں روپے کے زیورات غائب: چور کا سراغ لگانے میں مدد کرنے والے کو 15 لاکھ پاؤنڈ تک انعام دیا جائے گا