لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرول کی قیمت میں 50 روپے فی لیٹر کمی کا مطالبہ کر دیا۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔ اور گزشتہ 50 دنوں میں 12 ڈالر فی بیرل سے زائد کی کمی کے بعد پیٹرول 82 ڈالر سے کم ہو کر 69.3 ڈالر پر آ گیا ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پیٹرول کی قیمت میں 50 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کرے۔ حکومت نے پہلے ہی عوام پر لیوی چارجز کا ناجائز بوجھ ڈالا ہوا ہے۔ اور پیٹرولیم لیوی کو فی الفور ختم ہونا چاہیئے۔
یہ بھی پڑھیں: اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر پر عمل نہ ہونے سے ایوان کا استحقاق مجروح ہوا، چیئرمین سینٹ
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک ڈالر اضافے سے قیمتوں میں اضافہ کر دیا جاتا ہے۔ اب عوام کو قیمتوں میں مسلسل کمی کا فائدہ بھی ملنا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے رمضان میں عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ لیکن وزیر اعظم کے مہنگائی کم کرنے کے دعوے قوم کے ساتھ مذاق ہے۔ اشیائے ضروریہ دن بدن عام آدمی کی پہنچ سے مزید دور ہوتی جا رہی ہیں۔