خضدار میں عسکریت پسندوں کا حملہ، پولیس سے اسلحہ چھین کر تھانے کو آگ لگا دی

اردو نیوز  |  Mar 09, 2025

بلوچستان کے ضلع خضدار میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے پولیس اور لیویز پر حملہ کر کے درجن سے زائد اہلکاروں سے اسلحہ اور ایک گاڑی چھین لی اور اس کے بعد دونوں تھانوں اور ایک گاڑی کو نذرِآتش کردیا۔حکام کے مطابق سنیچر کی شام خضدار سے تقریباً 120 کلومیٹر دور سب تحصیل اورناچ میں مسلح افراد کی بڑی تعداد داخل ہوئی اور وہاں قائم پولیس اور لیویز کے تھانوں پر بیک وقت دھاوا بول دیا۔

ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے حملے کی تصدیق کی اور بتایا کہ حملہ آوروں کی تعداد 100 سے زائد تھی جو جدید ہتھیاروں سے لیس تھے۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق حملہ آوروں نے پولیس اہلکاروں سے 12 بندوقیں اور ایک گاڑی چھین لی اور اس کے بعد تھانے کو آگ لگا دی۔انہوں نے بتایا کہ حملہ آوروں نے لیویز تھانے پر بھی حملہ کیا اور ان سے اسلحہ اور گاڑی چھیننے کی کوشش کی جس پر لیویز اہلکاروں نے مزاحمت کی۔ حملہ آور لیویز کے صرف ایک اہلکار سے اسلحہ چھین سکے۔ڈپٹی کمشنر یاسر اقبال کے مطابق حملہ آوروں نے لیویز کی ایک گاڑی کو بھی نذرِآتش کیا اور اس کے بعد فرار ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔علاقائی ذرائع نے اردو نیوز کو بتایا کہ حملہ آور کئی گھنٹے تک علاقے میں موجود رہے، انہوں نے بازار میں بھی گشت کیا اس کے بعد پہاڑوں کی طرف فرار ہوگئے۔بلوچستان میں عسکریت پسندوں کی جانب سے اس طرز کے حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ رواں سال جنوری میں بھی خضدار کی تحصیل زہری میں اسی طرح کا ایک واقعہ پیش آیا تھا۔

’حملہ آور کئی گھنٹے تک علاقے میں موجود رہے اور اس کے بعد پہاڑوں کی طرف فرار ہوگئے‘ (فائل فوٹو: گیٹی امیجز)

تحصیل زہری میں 100 سے زائد حملہ آوروں نے لیویز تھانے، نادرا دفتر، بلوچستان کانسٹیبلری کے کیمپ اور دیگر سرکاری دفاتر پر حملہ کرکے انہیں نذرِآتش کیا اور درجنوں اہلکاروں سے اسلحہ چھینا۔اس واقعے کی ذمہ داری کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کی تھی۔ واقعے کے بعد حکومت نے اعلٰی سطح پر تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے مزاحمت نہ کرنے پر 15 لیویز اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کردیا تھا۔اسی طرح قلات، آواران، بولان اور مستونگ میں بھی لیویز اور پولیس تھانوں اور چوکیوں پر حالیہ مہینوں میں عسکریت پسندوں کی جانب سے حملے کیے جا چکے ہیں۔دوسری جانب سنیچر کی رات کو ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں نامعلوم افراد نے ایک گھر پر دستی بم حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک کمسن بچہ ہلاک ہوگیا-

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More