کینیڈا کی لبرل پارٹی نے مارک کارنے کو نئے وزیراعظم کے طور پر منتخب کر لیا ہے، جو جسٹن ٹروڈو کی جگہ لیں گے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مارک کارنے سابق بینکر ہیں اور انہوں نے آتے ہی امریکہ اور صدر ٹرمپ کے لیے انتہائی سخت الفاظ استعال کیے ہیں۔
انہوں نے موجودہ امریکی صدر پر کینیڈین کارکنوں، فیملیز اور کاروبار پر حملوں کے الزامات لگائے ہیں۔
59 برس کے مارک کارنے آنے والے دنوں جسٹن ٹروڈو کی جگہ لیں گے تاہم یہ کہا جا رہا ہے کہ ان کی مدت شاید زیادہ طویل نہ ہو۔
منتخب ہونے کے بعد مارک کارنے نے اوٹاوا میں اپنی وکٹری سپیچ میں واضح الفاظ میں امریکہ کو خبردار کیا اور کہا کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ذریعے کینیڈا پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’امریکی ہمارے وسائل ہمارے پانی، سرزمین اور ملک حاصل کرنا چاہتے ہیں اور یہ سیاہ دن ہمارے اوپر جس ملک نے مسلط کیے ہیں ہم اس پر مزید اعتبار نہیں کر سکتے۔‘
ٹرمپ کی جانب سے کینیڈا کو ساتھ ملانے اور ٹیرف عائد کرنے کے بعد سے دونوں پڑوسیوں کے تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
مارک کارنے بینک آف کینیڈا اور بینک آف انگلینڈ میں اہم عہدوں پر کام کر چکے ہیں اور وزارت عظمیٰ کے لیے ہونے والی ووٹوں میں انہوں نے کرسٹیا فری لینڈ کو واضح اکثریت سے شکست دی جو کہ جسٹن ٹروڈو کے دور میں ڈپٹی وزرات عظمیٰ سمیت کابینہ میں دیگر کئی اہم عہدوں پر بھی کام کر چکی ہیں۔
مارک کارنے 85 اعشاریہ 9 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ کرسٹیا فری لینڈ کے حصے میں صرف آٹھ فیصد ووٹ آئے۔
مارک کارنے نے اس نکتے پر اپنی مہم چلائی کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف کھڑے ہوں گے۔
موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کئی بار کہہ چکے ہیں کہ وہ کینیڈا کو اپنے ساتھ ملانا چاہتے ہیں جبکہ انہوں نے کینیڈین اشیا پر ٹیرف بھی لگایا، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں تناؤ پایا جاتا ہے۔
مارک کارنے کی حریف کرسٹیا فری لینڈ کو صرف آٹھ فیصد ووٹ ملے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ووٹنگ کے بعد اور نتیجے کے اعلان سے قبل جسٹن ٹروڈو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’کینیڈینز کو اپنے پڑوسی کی جانب سے اپنی بقا سے متعلق چیلنج کا سامنا ہے۔‘
خیال رہے جسٹن ٹروڈو نے جنوری میں وزیراعظم کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا اور کہا تھا کہ لبرل پارٹی سے نئے عہدیدار کے لیے جگہ چھوڑنا چاہتے ہیں۔
اس سے قبل جسٹن ٹروڈو 2015 میں ہونے والے انتخابات میں پہلی بار وزیراعظم بنے تھے اور اس کے بعد بھی دو انتخابات جیتے۔