بالی وڈ کے مشہور اداکار عامر خان کی سابق اہلیہ کِرن راؤ نے کہا ہے کہ ان کی عامر خان سے شادی کی بات سن کر ان کے والدین صدمے میں چلے گئے تھے۔انڈیا کے خبر رساں ادارے ایشین نیوز انٹرنیشنل (اے این آئی) کو ایک انٹرویو میں کِرن راؤ نے عامر خان سے شادی کے فیصلے پر اپنے والدین کے ردعمل کے حوالے سے کہا کہ ’یہ ان کے لیے ایک بڑا جھٹکا تھا۔‘’وہ صدمے میں چلے گئے تھے۔ ان کی آنکھوں میں تھا کہ میں نے تو بہت وعدے کیے تھے۔ میں ایک ایسی انسان تھی جو بہت کچھ کرنا چاہتی تھی، اور وہ پریشان تھے کہ شاید عامر کی قد آور شخصیت کے آگے میرا وجود کسی کو نظر نہ آئے۔‘
اگرچہ عامر خان کا شمار انڈیا کے بڑے اداکاروں میں ہوتا ہے اور ان کے چاہنے والے بے شمار ہیں اور کِرن نے بھی اس دباؤ کو محسوس کیا۔ لیکن ان کے لیے سب سے اطیمنان بخش پہلو یہ تھا کہ عامر کے لیے انہیں اپنی شخصیت میں کوئی تبدیلی نہیں لانی پڑی۔
کِرن کے مطابق ’عامر نے کبھی مجھ سے کسی خاص طریقے سے چلنے کا نہیں کہا۔ وہ ہمیشہ میرے لیے خوش رہے کہ میں نے اپنا آپ نہیں بدلا، اور یہ ان کی سب سے اچھی چیزوں میں سے ایک ہے۔‘عامر خان اور کِرن راؤ کی شادی سنہ 2005 میں ہوئی تھی لیکن 2021 میں ان کی طلاق ہو گئی۔ دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے اور طلاق کے باوجود ان کے آپسی تعلقات اچھے ہیں۔