حال ہی میں فرشی شلوار سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہو رہی ہے، جس پر ڈیزائنرز، برانڈز اور فیشن کے شوقین افراد بات کر رہے ہیں۔ یہ جدید اور شاندار روایتی جنوب ایشیائی لباس، خاص طور پر مغلیہ دور سے جڑا ہوا ہے، جس میں ایک شاہانہ اور باوقار انداز ہے۔
فرشی شلوار کا نام فارسی لفظ "فرش" سے آیا ہے جس کا مطلب "زمین" ہے کیونکہ یہ شلوار زمین تک پھیل کر پہننے والے کے قدموں کو چھوتی ہے۔
یہ فیشن عموماً مختصر مدت کے لیے دوبارہ مقبول ہوا ہے، اور خاص طور پر نوجوان لڑکیوں میں مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔ زیادہ تر بزرگ خواتین کا ماننا ہے کہ یہ لباس صرف خاص جسمانی ساخت والے افراد پر اچھا لگتا ہے، خصوصاً وہ جو لمبے اور دبلے پتلے ہوں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ معروف اداکارائیں بھی فرشی شلوار کے ٹرینڈ کو اپنانے میں پیش پیش ہیں، کئی اداکاراؤں نے تو اس ٹرینڈ کو شروع ہونے سے بہت پہلے ہی اپنا لیا تھا۔ اداکارائیں جیسے صدف کنول، عائزہ خان، مایا علی، ثناء جاوید اور ماہرہ خان نے اس منفرد لباس کو اپنی دلکش شخصیت کے ساتھ زیب تن کیا تھا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر فرشی شلوار کے حوالے سے میمز کی بارش ہوگئی ہے، ہر کوئی اس کی پوسٹ کر رہا ہے اور کہا جارہا ہے کہ اس بار عید پر ساری لڑکیاں فرشی شلوار پہنے نظر آنے والی ہیں۔