جعفر ایکسپریس کا واقعہ انڈیا کی دہشت گرد ذہنیت کا تسلسل ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

اردو نیوز  |  Mar 14, 2025

پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ ’بلوچستان اور اس سے پہلے ہونے والی دہشت گردی کا مرکزی سپانسر مشرقی ہمسایہ ہے۔ جعفر ایکسپریس کا واقعہ انڈیا کی دہشت گرد ذہنیت کا تسلسل ہے۔‘

جمعے کو وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’دہشت گردی کے خلاف پوری قوم نے لڑنا ہوتا ہے۔ پچھلی مرتبہ سب سٹیک ہولڈرز نے مل کر کام کیا۔ نیشنل ایکشن پلان کے 14 نکات پر عمل ہوگا تو دہشت گردی پر قابو پایا جا سکے گا۔‘

’جب دہشت گردوں نے بلوچستان کے دشوار گزار علاقے میں ٹرین پر حملہ کیا، اسی وقت انڈیا میڈیا نے اس کے حق میں رپورٹنگ شروع کر دی تھی۔‘

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ’انڈین میڈیا نے اے آئی فوٹیجز استعمال کر کے اس واقعے کو گلوریفائی کیا گیا۔ انڈین میڈیا نے سوشل میڈیا سی پرانی ویڈیوز اٹھا کر اور دہشت گرد گروپ کی تیار کردہ فوٹیجز نشر کیں،‘

بریفنگ کے دوران سلائیڈز اور فوٹیجز بھی چلائی گئیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں نے منظم انداز میں کارروائی کی۔ انہوں نے مسافروں کو نسلی بنیاد پر الگ الگ کیا۔ ان دہشت گردوں کا اسلام یا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے بعض مسافروں کا چھوڑ کر یہ تأثر دینے کی کوشش کی ہم بہت انسانیت دوست ہیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’حملے کے دوران دہشت گرد افغانستان میں موجود اپنے ہینڈلرز کے ساتھ رابطے میں تھے۔‘

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ’فوج کی ضرار کمپنی نے پہلے خودکش بمباروں کو نشانہ بنایا۔ ضرار نے سب سے پہلے انجن کلیئرنس شروع کی۔ اس آپریشن کے دوران کسی شہری کی موت نہیں ہوئیں، تمام اموات آپریشن سے پہلے ہوئیں۔‘

اس موقعے پر وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ ’ان دہشت گردوں نے تمام بلوچ روایات کو پامال کیا ہے۔ ان دہشت گردوں کو بلوچ نہ کہا جائے۔ انہوں نے جو کیا ایسے کام خوارج کرتے ہیں۔‘

’اس تحریک کا بلوچستان کے حقوق سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ دہشت گردی اور تشدد سے ملک توڑنا چاہتے ہیں۔ اب یہ فیصلہ ہوا ہے کہ انہیں دہشت گردوں ہی کی طرح ٹریٹ کیا جائے گا۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More