جعفر ایکسپریس پر حملے میں لاپتا ہونے والے محمد اعجاز مل گئے

اردو نیوز  |  Mar 15, 2025

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد لاپتا ہونے والے محمد اعجاز بالآخر مل گئے ہیں۔

سبی کے رہائشی محمد اعجاز اس ٹرین میں سوار تھے جس پر 11 مارچ کو ضلع کچھی (بولان) میں حملہ کر کے 400 سے زائد مسافروں کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔ 36 گھنٹے بعد بیشتر یرغمالی بازیاب ہو گئے تھے تاہم کلیئرنس آپریشن مکمل ہونے کے باوجود محمد اعجاز کا کوئی پتہ نہیں چل سکا تھا۔

محمد اعجاز کی رشتہ دار خاتون لبنیٰ نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ پورا خاندان مسلسل ہسپتالوں اور ریلوے سٹیشنوں کے چکر لگا رہا ہے لیکن محمد اعجاز کے بارے میں کوئی معلومات نہ مل سکیں۔

اب محمد اعجاز کے بھائی محمد فتح نے بتایا کہ ’تین دن بعد ان کے بھائی بولان کے پہاڑوں میں جائے وقوعہ کے قریب سے ملے، وہ بہت زیادہ پیدل چل کر فورسز کے پاس پہنچے اور ان کی حالت خراب تھی۔‘

محمد فتح نے اس خوشی کے موقع پر تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے دعائیں کیں اور ان کی مدد کی۔

خیال رہے کہ بدھ کی رات افواج پاکستان کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ ’جعفر ایکسپریس کے مسافروں کو یرغمال بنانے والے تمام 33 دہشت گردوں کو ہلاک اور تمام یرغمالیوں کو بازیاب کروا لیا گیا ہے۔‘

جبکہ جمعے کو انہوں نے وزیراعلٰی بلوچستان سرفراز بگٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جعفر ایکسپریس پر حملے کو انڈیا کی دہشت گرد ذہنیت کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’اس واقعے میں 26 مسافر جان سے گئے جن میں سے 18 کا تعلق فوج اور ایف سی سے ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’بلوچستان میں اور اس سے پہلے ملک میں ہونے والی دہشت گردی کا مرکزی سپانسر مشرقی ہمسایہ ہے۔ جعفر ایکسپریس کا واقعہ انڈیا کی دہشت گرد پالیسی کا تسلسل ہے۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More