پشاور: خیبر پختونخوا میں کاروباری ادائیگیوں کے لیے یونیورسل ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کے اجرا کا فیصلہ کر لیا گیا۔
وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ نے چیف سیکرٹری کو ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کے لیے مراسلہ ارسال کر دیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ہر قسم کے کاروبار اور نجی و سرکاری لین دین کے لیے آن لائن ادائیگی لازمی ہو گی۔
مراسلے میں کہا گیا کہ خیبر پختونخوا کیش لیس سسٹم متعارف کروانے والا ملک کا پہلا صوبہ ہو گا۔ اور یونیورسل ڈیجیٹل پیمنٹ کا یہ سسٹم موبائل کمپنیوں کے اشتراک سے قائم کیا جائے گا۔
ویلیج کونسلز کی سطح پر تمام د کانوں، اسٹالز اور ریڑھیوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔ جبکہ تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز، پبلک ٹرانسپورٹ میں کیو آر کوڈ آویزاں کرنا ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: چینی کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں ہو گا، اسحاق ڈار
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ یونیورسل ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم صوبائی حکومت کا ایک انقلابی اقدام ہے۔ اور صوبے میں ڈیجیٹل اکانومی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم سے دھوکہ دہی اور بدعنوانی کا مکمل خاتمہ ہو گا۔ جبکہ اس نظام سے ٹیکس کولیکشن میں بہتری آئے گی اور کاروبار دوست ماحول قائم ہو گا۔