حکومت کا بجلی کے بلوں سے پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا فیصلہ

ہم نیوز  |  Apr 04, 2025

وزیراعظم کی جانب سے بجلی کی قیمت میں نمایاں کمی کے بعد حکومت نے بجلی کے بلوں سے پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر پاور ڈویژن نے پی ٹی وی سمیت دیگر غیر ضروری سرچارجز ختم کرنے کی تجاویز مرتب کی ہیں، جنہیں اگلے ہفتے وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

اس وقت ہر گھریلو صارف سے 35 روپے ماہانہ پی ٹی وی فیس وصول کی جاتی ہے جب کہ انڈسٹری اور کمرشل صارفین پر بھی یہ فیس لاگو ہے۔

ملک بھر کے 4 کروڑ 26 لاکھ بجلی صارفین سے پی ٹی وی فیس کی مد میں تقریباً ڈیڑھ ارب روپے ماہانہ وصول کیے جارہے ہیں۔

100 سے 300 یونٹ استعمال کرنے والوں کیلئے بجلی کتنی سستی ہوئی؟ اہم تفصیلات سامنے آ گئیں

دوسری جانب ملک میں بجلی کی قیمت میں مزید کمی کیلئے حکومت کی درخواست پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں باقاعدہ سماعت کا آغاز ہو گیا۔چیئرمین نیپرا وسیم مختار کی سربراہی میں ہونے والی سماعت میں بجلی ایک روپے 71 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست پر سماعت کی گئی۔

نیپرا کی سماعت میں حکومت کی درخواست پر فریقین کا موقف سنے جانے کے بعد بجلی کی قیمت میں 1.71 روپے فی یونٹ کی کمی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

پاور ڈویژن کے حکام کے مطابق حکومت نے یہ درخواست کابینہ سے منظوری کے بعد نیپرا میں جمع کرائی ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کے الیکٹرک سمیت بجلی تقسیم کار تمام کمپنیوں پر اس کمی کا یکساں اطلاق کیا جائے۔

پاور ڈویژن حکام کایہ بھی کہنا تھا کہ یہ کمی صرف عام صارفین کیلئے ہوگی اور لائف لائن یعنی کم ترین بجلی استعمال کرنے والے کم آمدنی والے صارفین کو اس کا کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزوزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو عید کاتحفہ دیتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں فی یونٹ7روپے سے زائدکمی کااعلان کیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More