چین نے امریکہ سفرکرنے والے اپنے شہریوں کے لیے سفری ہدایات ( ٹریول ایڈوائزری) جاری کردی ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق چینی وزارت ثقافت وسیاحت نےکہا ہے کہ چینی سیاح امریکہ کے سفر میں خطرات کا جائزہ لیں اور سفر میں احتیاط کریں۔
چینی وزارت ثقافت و سیاحت کا کہنا ہے کہ امریکہ سے کشیدہ تجارتی تعلقات اور امریکی داخلی سکیورٹی صورتحال کے باعث سفری انتباہ جاری کیا گیا ہے۔
ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ کے مطابق چینی وزارت تعلیم نے بھی چینی طلبہ کو خبردار کیا ہے۔ وزارت تعلیم کے بیان میں امریکی ریاست اوہائیو کی اسمبلی میں زیر غور ایک بل کا بھی ذکر کیا گیا ہے جس میں چین سے متعلق منفی دفعات شامل ہیں۔ یہ بل چین اور امریکی جامعات کے درمیان تعلیمی تبادلوں اور تعاون پر پابندیوں سے متعلق ہے۔
چینی وزارت تعلیم نے طلبہ سے کہا ہے کہ وہ مستقبل میں امریکی جامعات میں داخلہ لیتے وقت خطرات کا ضرور جائزہ لیں۔
چین کی جانب سے سفری ہدایات ایسے وقت سامنے آئی ہیں جب حال ہی میں چین نے امریکہ سے آنے والی تمام درآمدات پر ٹیرف بڑھا کر 84 فیصد کردیا ہے۔
چینی وزارت خزانہ کے مطابق یہ فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چینی مصنوعات پر 104 فیصد ٹیرف نافذ کیے جانے کے بعد کیا گیا ہے۔
چینی وزارت تجارت نے مزید 6 امریکی کمپنیوں کو ’غیر معتبر اداروں کی فہرست‘ میں شامل کرلیا ہے، اس سے قبل چین نے 11 امریکی کمپنیوں کو ’غیر معتبر اداروں‘ کی فہرست میں شامل کیا تھا۔
چینی اقدام سے ان امریکی کمپنیوں کے لیے چین میں کاروبار کرنا مزید مشکل ہو جائے گا۔