پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کی فوج ہر طرح کی صورتحال کے لیے تیار ہے۔ وزیردفاع نےنجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئےکہاکہ پاکستان بھارت تنازع مکمل جنگ کی صورت اختیار کر سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو جوہری طاقتوں کے درمیان مکمل تصادم کے امکان پر فکر مند ہونا چاہیے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ تنازع مذاکرات کے ذریعے بھی حل ہو سکتا ہے، پاکستان کی فوج ہر طرح کی صورتحال کے لیے تیار ہے، ہم بھارت کی کسی بھی جارحیت کا ناپ تول کر جواب دیں گے، اگر مکمل حملہ ہوتا ہے تو مکمل جنگ ہو گی۔
بھارت کیساتھ تجارت ، واہگہ بارڈر اور فضائی حدود بند ، سندھ طاس معاہدہ معطل کرنا جنگی اقدام، قومی سلامتی کمیٹی
خواجہ آصف نے کہا کہ دو جوہری طاقتوں کے درمیان تصادم ہمیشہ تشویشناک ہوتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ معاملات بگڑ گئے تو اس تصادم کا انجام انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے، ٹرمپ دنیا کی واحدطاقت کے سربراہ ہیں،مداخلت کریں تو خوش آئند ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے کوئی اقدام کیا تو ہم بھی بھرپور جواب دیں گے، مقبوضہ کشمیر میں ایسے واقعات کا بھارت کی جانب سے کبھی ثبوت نہیں دیا گیا، بھارت اپنے فائدے کے لئے ایسی صورتحال پیدا کرتا ہے، پلوامہ بھی ایسی ہی سازش تھا، پاکستان درست ثابت ہوا۔
بھارت نے فضائی حملہ کیا، نقصان اٹھا کر خاموش ہوگیا، پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیارہے، بھارت جس طرح کی کارروائی کرے گا اُسی حساب سے جواب دیں گے،وزیردفاع نے کہا کہ اگر بھارت جنگ چھیڑے گا تو ہم اس کے لئے بھی تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی کے حکومت میں آنے کے بعد اس طرح کے واقعات بڑھ گئے ہیں، بھارت کو پیغام ہے کشمیر سمیت تمام مسائل مذاکرات سے حل ہونے چاہئیں، سندھ طاس معاہدہ معطل ہونے سے کشیدگی بڑھے گی، جنگ ہوئی تو خطے سمیت پوری دنیا متاثر ہوگی، ہمیں کشیدگی بڑھانے کے بجائے اسے کم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔