’آئی ٹی میں سرمایہ کاری کریں‘، وزیراعظم کی غیرملکی کمپنیوں کو دعوت

اردو نیوز  |  Apr 29, 2025

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو دعوت دی ہے کہ وہ پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔

منگل کو اسلام آباد میں ڈیجیٹل ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ وہ 11 ممالک سے آنے والے آئی ٹی کے وزرا کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کی بدولت آج کی دنیا میں بہت زیادہ تبدیلی آئی ہے اور اب وہ اس سے بہت مختلف ہے جیسی دو دہائیاں قبل تھی۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے شعبوں کی طرح پاکستان کے نوجوان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی بہت آگے ہیں اور دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں کافی اہم اقدامات کیے ہیں اور طلبہ و طالبات میں بڑے پیمانے پر لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ملکی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔

’15 سے 30 سال تک عمر کے افراد بہت انرجیٹک ہیں اور حکومت ان کو مزید مواقع فراہم کر رہی ہے۔‘

شہباز شریف نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے وفاق کے علاوہ ملک کے چاروں صوبوں میں کیا گیا ہے۔

انہوں نے بیرون ملک موجود پاکستانیوں کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف ملک کا نام روشن کر رہے ہیں بلکہ مارچ کے دوران ان کی جانب سے چار اعشاریہ ایک ارب ڈالر کی ترسیلات زر ملک میں بھجوائی گئیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اقدامات سے ملک ٹیکنالوجی کے شعبے میں مزید آگے بڑھے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’دنیا ڈیجیٹلائز ہو رہی ہے اور ٹیکنالوجی آج ہر شعبے میں اہم اثر رکھتی ہے۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More