وزیراعظم شہباز شریف کا احمد آباد طیارہ حادثے پراظہارِافسوس

سچ ٹی وی  |  Jun 12, 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کے شہر احمد آباد میں ہونے والے طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ احمد آباد کے قریب بھارتی ائیر لائن کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہونے کے حادثے پر افسردہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کے خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں اس دل سوز حادثے سے متاثر ہونے والوں کے ساتھ ہیں۔

قبل ازیں سابق وزیر اعظم نواز شریف، خواجہ آصف، پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی طیارہ حادثے اور اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی ایئرلائن ایئر انڈیا کا طیارہ احمد آباد سے لندن جارہا تھا جو اڑان بھرتے ہی حادثے کا شکار ہوا اور رہائشی عمارت سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا۔ حادثے کے نتیجے میں اب تک 242 اموات کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ حکام نے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

طیارہ حادثے میں ایک مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہا جس کی شناخت رمیش کے نام سے ہوئی اور اُسے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق مسافر ہوش میں ہے اور بات چیت کررہا ہے۔

وقوعہ سے برآمد ہونے والی متعدد لاشیں جھلس کر ناقابل شناخت ہوچکی ہیں جنہیں ضابطے کی کارروائی اور شناخت کیلیے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More