این ڈی ایم اے نے 13 سے 18 جون تک ممکنہ موسمی صورت حال کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق 13 سے 16جون تک پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے جبکہ بالائی علاقوں بشمول پوٹھوہار ریجن، راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے متعدد علاقوں میں موسم گرم رہنے اور گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔ صوبے کے چند اضلاع بشمول چترال، دیر، ہری پور،کرک، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم اور مانسہرہ میں آندھی چلنے اور بارش کی توقع ہے۔ مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، پشاور، صوابی، سوات اور وزیرستان میں بھی آندھی اور طوفان کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے ایڈوائزری میں مزید بتایا ہے کہ ’سندھ اور بلوچستان میں 13 سے 18 جون تک موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔‘ ’گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے جبکہ استور، سکردو، ہنزہ، شِگر، باغ اور نیلم ویلی میں بارش ہونے کی توقع ہے۔‘ این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ’کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔‘ ’عوام گرمی کی بڑھتی ہوئی شِدت کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، پانی اور مشروبات پیئیں، سایہ دار جگہوں پر رہیں، بچوں بزرگوں اور بیمار افراد کا خیال رکھیں۔‘ اسی طرح عوام الناس کو ہدایت کی گئی ہے کہ چھوٹے بچوں اور پالتو جانوروں کو کھڑی گاڑیوں میں تنہا نہ چھوڑیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ’13 سے 16جون تک پوٹھوہار ریجن، راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش کا امکان ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
شدید دھوپ کے اوقات میں بیرونی سرگرمیوں سے گریز کریں، اگر دُھوپ میں نکلنا ضروری ہو تو ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ’13 سے 16 جون کے دوران آندھی، ژالہ باری اور موسلادھار بارش کے باعث کمزور انفراسٹرکچر (بجلی کے کھمبوں، درختوں، گاڑیوں اور سولر پینلز وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔‘جمعرات کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا، تاہم بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہا۔اس کے علاوہ بعض مقامات پر گردآلود ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔جیکب آباد میں درجہ حرات 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا: محکمہ موسمیاتمحکمہ موسمیات نے بتایا کہ ’جمعرات کو سب سے زیادہ درجہ حرات جیکب آباد (سندھ) میں 50 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ اسی طرح دادُو، نُورپُورتھل اور سبی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرات 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔’بھکر، بہاول نگر، سرگودھا، جوہر آباد،گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔‘