’اپنا میٹر اپنی ریڈنگ ایپ‘ متعارف، بجلی بل سے پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا اعلان

اردو نیوز  |  Jun 29, 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے بل میں شامل پی ٹی وی فیس کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اتوار کو اسلام آباد میں ’اپنا میٹر اپنی ریڈینگ‘ موبائل ایپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انقلابی قدم ہے۔

انہوں نے ایپ کی تفصیل بتاتے ہوئے کہ ٹیم کی جانب سے اس کو پانچ زبانوں میں متعارف کروایا جا رہا ہے تاکہ اس کو سمجھنے اور استعمال میں آسانی ہو۔

انہوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے صوبوں کے درمیان ہم آہنگی میں بھی اضافہ ہو گا۔

انہوں نے ایپ کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں چاہوں گا کہ اس کو کراچی سے لے کر پشاور تک ہر گھر میں متعارف کروائیں۔

انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہ وہ سمارٹ پاور ایپ کا استعمال کریں اس سے انہیں کافی فوائد حاصل ہوں گے۔

انہوں نے ملک میں سولر ٹیکنالوجی کے بڑھتے استعمال کا تذکرہ کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ سولرائزیشن کی حوصلہ شکنی نہیں کی جائے گی۔

وزیراعظم نے چند ماہ پیشتر بجلی کی قیمتوں میں کی گئی ساڑھے سات روپے فی یونٹ کمی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے لیے بہت کام کیا گیا تھا اور آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات کیے گئے تھے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بجلی کے معاملے میں بھی بہت سی مشکلات درپیش ہیں جن پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بجلی چوری  کو ایک بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ان کے مطابق ’ہر سال پانچ سو ارب روپے کی چوری ہوتی ہے۔‘

شہباز شریف نے کہا کہ اس صورت حال پر قابو پانے کے لیے وزارت بجلی دن رات کام کر رہی ہے جن کے ساتھ وہ بھی مسلسل رابطے میں رہتے ہیں۔

تاہم انہوں نے اس سلسلے میں مزید تیزی لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More