جعلی اسناد پر تقرریاں حکومت سندھ کا ایکشن : بغیر تصدیق بھرتی پر کارروائی ہوگی

ہماری ویب  |  Jul 31, 2025

حکومتِ سندھ نے جعلی تعلیمی اسناد، ڈومیسائل اور شناختی کارڈز کے ذریعے سرکاری ملازمتیں حاصل کرنے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام سرکاری اداروں کو نئے بھرتی کے عمل سے قبل دستاویزات کی لازمی تصدیق کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر چیف سیکریٹری سندھ نے تمام ایڈیشنل چیف سیکریٹریز، سیکریٹریز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو باضابطہ طور پر خط ارسال کیا ہے، جس میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ تمام محکمے اور ان کے ماتحت ادارے نئی ملازمت دینے سے پہلے امیدواروں کی دستاویزات کی مکمل تصدیق کو یقینی بنائیں۔

چیف سیکریٹری کے خط میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اسناد متعلقہ تعلیمی بورڈ یا ادارے سے تصدیق شدہ ہونی چاہیے۔شناختی کارڈ نادرا سے کمپیوٹرائزڈ تصدیق کے بعد قابل قبول ہوگا۔

اس کے علاوہ ڈومیسائل اور مستقل رہائشی سرٹیفکیٹ (پی آر سی) متعلقہ ڈپٹی کمشنر سے تصدیق شدہ ہونا لازمی ہے اور تمام دیگر ضروری دستاویزات کی بھی تصدیق کے بعد ہی تقرری کا حکم نامہ جاری کیا جائے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ بغیر تصدیق کے جاری کیے گئے ملازمت کے آرڈرز بعد ازاں قانونی مسائل کا سبب بنتے ہیں جس کا فائدہ جعلی اسناد رکھنے والے افراد اٹھاتے ہیں اور عدالتوں سے ریلیف لے کر سرکاری نوکریاں حاصل کر لیتے ہیں۔ اس عمل سے نہ صرف سرکاری ادارے طویل عدالتی کارروائیوں میں الجھتے ہیں بلکہ عوامی وسائل اور اعتماد بھی ضائع ہوتا ہے۔

چیف سیکریٹری نے تمام صوبائی محکموں، ماتحت اداروں اور ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ دار افسران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More