پاکستان کرکٹ بورڈ نے 26-2025 کے لیے قومی کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا ہے۔ اس بار کوئی کھلاڑی اے کیٹیگری کے معیار پر پورا نہیں اترا جس کے باعث بورڈ نے اے کیٹیگری کو ختم کردیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق یکم جولائی 2025 سے 30 جون 2026 تک نافذ رہنے والے کنٹریکٹس 30 کھلاڑیوں کو دیے گئے ہیں۔ گزشتہ برس 27 کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ دیا گیا تھا لیکن اس بار تعداد بڑھا کر 30 کردی گئی ہے اور 12 نئے کھلاڑی بھی شامل کیے گئے ہیں۔
نئے شامل ہونے والے کھلاڑیوں میں احمد دانیال، فہیم اشرف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد عباس، محمد حارث، محمد نواز، صاحبزادہ فرحان، سلمان مرزا اور صوفیان مقیم شامل ہیں۔
بی کیٹیگری میں بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، شاداب خان، ابرار احمد، حارث رؤف، حسن علی، صائم ایوب اور سلمان علی آغا شامل ہیں۔
اسی طرح سی کیٹیگری عبداللہ شفیق، نسیم شاہ، سعود شکیل، فہیم اشرف، ساجد خان، محمد نواز، محمد حارث، صاحبزادہ فرحان، حسن نواز اور نعمان علی کو رکھا گیا ہے جبکہ ڈی کیٹیگری میں شان مسعود، حسین طلعت، محمد عباس، محمد وسیم جونیئر، محمد عباس آفریدی، خوشدل شاہ، احمد دانیال، سلمان مرزا، خرم شہزاد اور صوفیان مقیم شامل ہیں۔
رواں برس نسیم شاہ بی سے سی کیٹیگری میں آگئے اور بی کیٹیگری میں شامل ٹیسٹ کپتان شان مسعود بی سے ڈی کیٹیگری میں جبکہ فخر زمان کی بی کیٹیگری میں واپسی ہوئی ہے۔گزشتہ سال اے کیٹیگری میں بابر اعظم اور محمد رضوان شامل تھے تاہم اس بار کسی کھلاڑی کو اس کیٹیگری کے لیے اہل قرار نہیں دیا گیا۔